رسائی کے لنکس

پاکستان: رمضان کا آغاز، پھانسیوں پر عمل درآمد روک دیا گیا


وزیراعظم نواز شریف نے اپنے ایک پیغام میں عوام سے ملک کی سلامتی کے لیے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دشمن سازشوں کے ذریعے پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے رمضان کے مہینے میں دی جانے والی پھانسیوں کو عارضی طور پر روکنے کی ہدایت کی ہے۔

ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ایسا ماہ رمضان کے احترام میں کیا جا رہا ہے۔

وزارت داخلہ نے اس ضمن میں صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

سرکاری بیان کے مطابق سینیٹ کے چیئرمین رضا ربانی نے بھی وزیراعظم نواز شریف سے کہا تھا کہ وہ رمضان میں سزائے موت پر عمل درآمد روک دیں۔

پاکستان میں گزشتہ سال دسمبر سے اب تک لگ بھگ 170 مجرموں کو پھانسی دی جا چکی ہے۔

گزشتہ سال 16 دسمبر کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کے مہلک حملے میں 134 بچوں سمیت 150 سے زائد افراد کی ہلاکت کے بعد وزیراعظم نے نواز شریف نے موت کی سزا پر عائد عارضی پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان میں 2008ء سے دسمبر 2014ء تک سزائے موت پر عمل درآمد پر غیر اعلانیہ پابندی عائد تھی۔

پابندی ختم کرنے کے بعد حکومت کی طرف سے کہا گیا تھا کہ صرف دہشت گردی کے جرائم میں ملوث مجرمان کو پھانسی دی جائے گی لیکن بعد میں کسی بھی جرم میں سزا موت کے مرتکب مجرموں کی سزاؤں پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا۔

اب تک جن افراد کو پھانسی دی جا چکی ہے اُن میں دہشت گردی میں ملوث افراد کی بجائے قتل و دیگر جرائم کے سزا یافتہ قیدی زیادہ ہیں۔

پاکستان میں گزشتہ چھ ماہ میں جس تیزی سے مجرموں کو پھانسیاں دی گئیں اس پر اقوام متحدہ، یورپی یونین اور انسانی حقوق کی مقامی اور بین الاقوامی تنظیموں کی طرف سے شدید تنقید کرتے ہوئے یہ عمل روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔

تاہم پاکستانی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ملک کو غیر معمولی حالات کا سامنا ہے اور اُن سے نمٹنے کے لیے غیر معمولی اقدامات کی ضرورت ہے۔

پاکستان میں حکام یہ کہہ چکے ہیں سزائے موت پر عمل درآمد سے کسی طرح بھی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی نہیں ہو رہی ہے۔

اُدھر رمضان کے آغاز پر وزیراعظم نواز شریف نے اپنے ایک پیغام میں عوام سے ملک کی سلامتی کے لیے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دشمن سازشوں کے ذریعے پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ’’دشمن کو اُس کے مذموم ارادوں میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے‘‘ اور سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG