رسائی کے لنکس

حتف 9 نصر میزائل کا کامیاب تجربہ


فائل فوٹو)
فائل فوٹو)

میزائل 60 کلومیٹر کے فاصلے تک ایٹمی ہتھیاروں کے ساتھ اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

پاکستان نے پیر کو زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل "حتف 9 نصر" کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ زمین سے زمین تک مار کرنے والا حتف نو ’نصر‘ نامی میزائل روایتی اور جوہری ہتھیار اپنے ہدف تک لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

مختصر فاصلے تک مار کرنے والا یہ میزائل 60 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

میزائل کے تجربے کے لیے جدید ملٹی ٹیوب میزائل لانچ وہیکل استعمال کی گئی جس سے یکے بعد دیگرے دو میزائل داغے گئے۔

بیان میں کہا گیا کہ جدید ٹیکنالوجی والا یہ میزائل کسی بھی طرح کے دفاعی نظام اور ریڈار سے اوجھل رہتے ہوئے اپنے ہدف تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

سرکاری بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ اس میزائل کا تجربہ کس مقام سے کیا گیا تاہم مسلح افواج کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل خالد شمیم وائیں، جوہری ہتھیاروں کی نگرانی سے متعلق اسٹراٹیجیک پلان ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل خالد احمد قدوائی اور میزائل نظام پر کام کرنے والے سائنسندان بھی حتف نو ’نصر‘ میزائل کے تجربے کے مقام پر موجود تھے۔

جنرل خالد شمیم وائیں نے اس موقع پر کہا کہ کسی بھی طرح کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان کی مسلح افواج پوری طرح تیار ہیں۔

ماضی میں اس قسم کے تجربات پاکستان اور اس کے روایتی حریف بھارت کے درمیان تناؤ کا باعث بنتے تھے لیکن دونوں ملکوں کے درمیان ان سے متعلق پیشگی اطلاع دینے کا دوطرفہ سمجھوتا طے پانے کے بعد یہ معمول کی کارروائی کی حیثیت اختیار کر گئے ہیں۔
XS
SM
MD
LG