رسائی کے لنکس

لندن اولمپکس میں پاکستان کی اہم فتح


پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو چار کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کرسیمی فائنل کھیلنے کی اُمیدیں برقرار رکھی ہیں۔

پاکستان نے لندن اولمپکس میں اتوار کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کی ہاکی ٹیم کو چار کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر سیمی فائنل کھیلنے کی اُمیدیں برقرار رکھی ہیں۔

ہفتہ کو برطانیہ کے ہاتھوں چار، ایک سے شکست کے بعد قومی ٹیم کی ٹورنامنٹ میں واپسی جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں عبدالحسیم کے دو جب کہ کپتان سہیل عباس، شفقت رسول اور وسیم احمد کے ایک، ایک گول کی بدولت ہوئی۔

میچ کے 63 ویں منٹ میں کپتان سہیل عباس نے پنلٹی کارنر پر گول کر کے مقابلہ چار، چار سے برابر کر دیا جو انفرادی طور پر ان کے ہاکی کیئریر کا 348 وان گول تھا۔
عبدالحسیم خان گول کرنے کے بعد
عبدالحسیم خان گول کرنے کے بعد

دونوں ٹیموں نے آخری لمحات میں انتہائی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور بالآخر 66 ویں منٹ میں وسیم احمد نے پاکستان کی جانب سے پانچواں گول کرکے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔

پاکستان اب تک چار میچ کھیل کر سات پوائنٹس حاصل کر چکا ہے اور 7 اگست کو پول اے کے آخری میچ میں اُس کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا جو پول اے میں اس میں سر فہرست ہے۔

لندن اولمپکس کے افتتاحی میچ میں پاکستانی ٹیم کا اسپین کے ساتھ میچ ایک، ایک گول سے برابر رہا تھا جب کہ دوسرے میچ میں اُس نے ارجنٹائن کو دو، صفر سے شکست دی، مگر برطانیہ کے خلاف میچ میں اُسے چار، ایک سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے میچ کے بعد وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ ان کی ٹیم جنوبی افریقہ سے سخت مقابلے کی توقع کر رہی تھی کیونکہ دونوں کو ٹورنامنٹ میں رہنے کے لیے ’’مارو یا مرجاؤ‘‘ کی صورت حال کا سامنا تھا۔

’’لیکن میرا خیال ہے کہ پاکستان نے اب تک جتنے میچ کھیلے ہیں ان میں آج کے میچ میں ٹیم سب سے زیادہ اچھا کھیلی ہے اور کھلاڑیوں نے گول کرنے کے بہت زیادہ مواقع پیدا کیے۔ کچھ میں سمجھتا ہوں کے ریفری کے فیصلے بھی متنازع تھے جو ہمارے حق میں ہوتے تو یہ بالکل ایک یکطرفہ میچ ثابت ہوتا۔ ‘‘

آصف باجوہ نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف فتح حاصل کرنے کے لیے قومی ٹیم بھرپور کوشش کرے گی اور اتوار کا میچ جیت کر اُس کا حوصلہ بھی بلند ہوا ہے۔

’’آسٹریلیا اس وقت دنیا کی نمبر ون ٹیم ہے اور بہت اچھے کھیل کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ لیکن آسٹریلیا کے خلاف جب بھی پاکستان کا اہم میچ ہوا پاکستان نے بہت زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ تو آسٹریلیا کے خلاف ہمارا ریکارڈ اتنا برا نہیں ہے، وہ بہت اچھا ہے۔ جس کارکردگی کا مظاہرہ ہماری ٹیم نے آج کیا ہے اگر آسٹریلیا کے خلاف بھی کھلاڑیوں نے یہی کارکردگی دیکھائی تو قوم کی دعاؤں سے انشا اللہ پاکستان ضرور کامیاب ہوگا۔‘‘

صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے قومی ٹیم کے نام الگ الگ پیغامات میں جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دینے پر مبارکباد دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ اگلے میچوں میں بھی کھلاڑی اس کارکردگی کو برقرار رکھیں گے۔
XS
SM
MD
LG