رسائی کے لنکس

پاکستان ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر پہلی ٹیسٹ سیریز جیتنے کا منتظر


پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو اس کی اپنی سرزمین پر اب تک کسی ٹیسٹ سیریز میں شکست نہیں دی

پاکستان ویسٹ انڈیز کی سر زمین پر ویسٹ انڈیز سے ہی پہلی ٹیسٹ سیریز جیتنے کا منتظر ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 16 ٹیسٹ سیریز میں سے5 پاکستان اور 5 ویسٹ انڈیز نے جیتیں جبکہ 6 سیریز ہار جیت کے فیصلےکے بغیر ختم ہوئیں۔

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو اس کی اپنی سرزمین پر اب تک کسی ٹیسٹ سیریز میں شکست نہیں دی۔

دونوں کے درمیان ویسٹ انڈیز میں 7 سیریز کھیلی گئیں جن میں 4 ویسٹ انڈیز نے جیتیں اور 3 ڈرا ہوئیں جبکہ پاکستان کوئی بھی سیریز اپنے نام کرنے میں ناکام رہا۔

مصباح الحق پہلے کپتان ہوں گے اگر۔۔۔

اگر مصباح الحق ویسٹ انڈیز کو اس کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز ہرا نے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پاکستان کے پہلے کپتان ہوں گے۔

یونس خان اور مصباح الحق ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوجائیں گے اور اس لئے وہ بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے پر عزم ہیں۔ دونوں کھلاڑی رواں ٹیسٹ سیریز میں غیر معمولی کارکردگی دکھا کر پاکستان کو ویسٹ انڈیزکی سرزمین پر پہلی فتح دلا کر اپنا کیریئر شاندار انداز میں ختم کر سکتے ہیں۔

یونس خان کو 23رنز کی ضرورت
اسٹار بیٹسمین یونس خان کو ٹیسٹ کیریئر میں 10 ہزار رنز مکمل کرنے کے لئے صرف 23 رنز کی ضرورت ہے اور ممکن ہے وہ یہ اعزاز پہلے ہی ٹیسٹ میں حاصل کر لیں جس کے بعد وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے پاکستانی کرکٹر بن جائیں گے۔

یونس خان نے ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ہر ملک کے خلاف سنچری اسکور کی جس میں انگلینڈ اور بھارت میں ڈبل سنچریاں بھی شامل ہیں۔ وہ اب تک 34 سنچریاں اور 32نصف سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔

سرفراز احمد کو 52رنز کی ضرورت
پاکستانی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کو ٹیسٹ کرکٹ میں 2 ہزار رنز مکمل کرنے کیلئے صرف 52رنز درکار ہیں۔سرفراز نے اب تک 33 میچز میں 1948 رنز بنا رکھے ہیں جس میں3 سنچریاں اور 11 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

ٹیموں کی عالمی رینکنگ
سیریز کے آغاز سے قبل قومی کرکٹ ٹیم 97 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور ویسٹ انڈیز 69 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے۔

عالمی درجہ بندی میں بھارت 122 پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔

XS
SM
MD
LG