رسائی کے لنکس

یوم آزادی کی تقاریب، آئین و قانون کی بالادستی کا عزم


ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ سیاستدان مہم جوئی نہ کریں تو پاکستان مثالی ترقی کر سکتا ہے۔

پاکستان کے صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ اڑسٹھواں یوم آزادی ایک خاص پس منظر میں منایا جا رہا ہے اور قوم حالت جنگ میں ہے۔

جمعرات کو یوم آزادی کے سلسلے میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون کی عملداری سے مسائل ختم ہو جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی ملک کے خلاف نہیں اور تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ ان کے بقول پاکستان پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستی اور برابری کے تعلقات چاہتا ہے۔

ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ سیاستدان مہم جوئی نہ کریں تو پاکستان مثالی ترقی کر سکتا ہے۔

اس تقریب میں وزیراعظم نواز شریف، وفاقی وزراء، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سمیت غیر ملکی سفراء بھی موجود تھے۔

چاروں صوبوں میں بھی یوم آزادی کی خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا جہاں وزرائے اعلیٰ نے پرچم کشائی کی۔

اس سے قبل بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب رات بارہ بجے یوم آزادی کی تقاریب کا باقاعدہ آغاز اسلام آباد میں پارلیمان کے باہر مسلح افواج کی پریڈ سے ہوا۔

اس تقریب سے وزیراعظم نواز شریف نے خطاب کرتے آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوریت کے تسلسل کے عزم کا اظہار کیا۔

انھوں نے یوم آزادی کو شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں کے نام کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں نے ملک کے امن و سلامتی کے لیے قربانی دی۔ ان کے بقول ان افراد کے علاقوں میں حالات معمول پر آنے کے بعد ان کی اپنے گھروں کو باعزت واپسی کا پروگرام بھی تیار کیا جا چکا ہے۔

حالیہ برسوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ 14 اگست کو مسلح افواج کی پریڈ اور فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کا فلائی پاسٹ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ قبل ازیں یہ اہتمام 23 مارچ کو کیا جاتا تھا۔

پاکستانی فوج نے 15 جون سے افغان سرحد سے ملحقہ قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف بھرپور کارروائی شروع کر رکھی ہے جس میں اب تک 600 سے زائد عسکریت پسندوں کو ہلاک اور ان کے زیر استعمال متعدد ٹھکانوں کو تباہ کیا جاچکا ہے۔

اس آپریشن کی وجہ سے تقریباً چھ لاکھ لوگ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرکے خیبر پختونخواہ کے مختلف بندوبستی علاقوں میں عارضی طور پر مقیم ہیں۔

XS
SM
MD
LG