رسائی کے لنکس

بھارتی طیاروں نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی: پاکستان فضائیہ


پاکستان فضائیہ کے اس بیان پر بھارت کی طرف سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا جس میں فضائی حدود کی خلاف ورزی کے اس دعوے کی تصدیق یا تردید کی گئی ہو۔

پاکستان کی فضائیہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پڑوسی ملک بھارت کے دو تیز رفتار لڑاکا طیاروں نے منگل کو پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ بھارتی طیاروں نے منگل کو دن 10 بج کر چالیس منٹ پر اٹاری اور فاضلکا سیکٹر میں دو منٹ تک پرواز کی۔

بیان میں کہا گیا کہ بھارتی طیاروں کی طرف سے فضائی حدود کی خلاف ورزی کا پتہ لگتے ہی پاکستان کے دو لڑاکا جہازوں نے اُڑان بھری اور اس کارروائی پر بھارت کے جنگی طیارے پاکستانی فضائی حدود سے نکل گئے۔

پاکستان فضائیہ کے اس بیان پر بھارت کی طرف سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا جس میں فضائی حدود کی خلاف ورزی کے اس دعوے کی تصدیق یا تردید کی گئی ہو۔

دونوں پڑوسی ممالک کے تعلقات میں حالیہ برسوں میں کچھ بہتری آئی ہے جس کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارت کے فروغ اور ایک دوسرے کے ملک میں سفر کرنے والوں کے لیے ویزوں کے اجراء میں نرمی سمیت کئی اقدامات کو حتمی شکل بھی دی گئی۔

لیکن اس کے باوجود بھارت اور پاکستان کے درمیان دیرینہ حل طلب مسائل خاص طور پر تنازع کشمیر پر قابل ذکر پیش رفت نا ہونے کی وجہ سے کئی چھوٹے چھوٹے واقعات بھی کشیدگی میں اضافے کا سبب بن جاتے ہیں۔

پاکستان میں 11 مئی کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کے بعد وزیراعظم نواز شریف اور اُن کے بھارتی ہم منصب من موہن سنگھ کی طرف سے یہ بیانات سامنے آئے کہ دونوں ملک اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں جس کے بعد دو طرفہ روابط میں مزید بہتری کی توقع پیدا ہوگئی تھی۔

صدر آصف علی زرداری نے بھی پیر کو پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں کہا تھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانا چاہتا ہے اور اس ضمن میں دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لیے کئی اقدامات کیے گئے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں اسلحہ کی دوڑ میں شامل نہیں ہونا چاہتا اور اسلام آباد مذاکرات سے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے۔
XS
SM
MD
LG