رسائی کے لنکس

پاکستان اور بھارت کا ایک دوسرے پر دہشت گردی کا الزام


پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کی تقریر کا جواب دینے کے اپنے حق کا استعمال کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے صدر کو درخواست پیش کر دی ہے۔

پاکستان اور بھارت نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ایک بار پھر ایک دوسرے پر دہشت گردوں کی مدد کرنے کا الزام عائد کیا ہے اور بھارتی وزیر خارجہ کی تقریر کا جواب دینے کے لیے پاکستان نے اقوام متحدہ کے صدر کو درخواست پیش کی ہے۔

پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے نیویارک میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بھارت ان کے ملک میں دہشت گردوں کی مدد کر رہا ہے اور اس بارے میں دستاویزی ثبوت اقوام متحدہ کے نائب سیکرٹری جنرل کو پیش کر دیے گئے ہیں۔

"جو ثبوت پیش کیے ہیں اس میں بتایا گیا ہے کہ کس طرح بھارت کی خفیہ ایجنسی 'را' پیسہ اور ہتھیار دے کر پاکستان میں دہشت گردوں کی مدد کر رہی ہے۔"

انھوں نے یہ بات بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی طرف سے پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے پیش کی گئی چار نکاتی امن تجاویز پر دیے گئے بیان پر اپنے ردعمل میں کہی۔

سمشا سوراج نے کہا تھا کہ چار نکات کی بجائے کشیدگی ختم کرنے کے لیے ایک ہی نکتہ ہے کہ "دہشت گردی چھوڑ دیے، اور بیٹھ کر بات کیجیے۔"

پاکستانی وزیراعظم کی پیش کردہ تجاویز میں کشمیر کے مسئلے کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا بھی شامل تھا۔

بھارتی وزیر خارجہ نے الزام عائد کیا تھا کہ پاکستان سرحد پر فائرنگ میں پہل کر کے اس کی آڑ میں دہشت گردوں کو سرحد پار کرنے کا موقع فراہم کررہا ہے اور ان کے بقول جب "پراعتماد اور سنجیدہ ردعمل ہو، تو تام تصفیہ طلب معاملات پر بات چیت کے لیے تیار ہیں جس میں کشمیر بھی شامل ہے۔"

تاہم سرتاج عزیز نے بھارتی وزیر خارجہ کی تقریر کو سفارتی آداب کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے پیش کردہ امن تجاویز کو دنیا میں سراہا جا رہا ہے لیکن بھارت نے ان کے بقول اس کا منفی جواب دیا۔

پاکستان نے سمشا سوراج کی تقریر کا جواب دینے کے اپنے حق کا استعمال کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے صدر کو درخواست پیش کر دی ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کے قونصلر بلال احمد کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے کمشیر پر اپنے "غیر قانونی تسلط" کے الزام کو مسترد کرنا تاریخ کا مذاق اڑانے کے برابر ہے۔"

ان کے بقول اگر بھارت "بین الاقوامی قوانین کا احترام اور اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتا تو وہ ( کشمیر) میں اپنی دہشت کی حکومت کو ختم کرتا، وہاں سے اپنے فوجی واپس بلاتا اور اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرنے دیتا۔"

XS
SM
MD
LG