رسائی کے لنکس

’جیون ہاتھی‘۔۔ کشیدگی کے باوجود امن کی کوشش


فلم کی کہانی فصیح باری خان نے لکھی ہے جبکہ فلم پاکستان اور بھارت کا مشترکہ پروجیکٹ ہے جسے ’زی زندگی‘ نے ’زیل فوریونٹی‘ کے نام سے لانچ کیا ہے

کراچی... پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی اپنی جگہ، لیکن ثقافتی میدان میں دونوں ملکوں کے درمیان رابطے برقرار رکھنے کی کوششیں بھی جاری ہیں اور نئی پاکستانی فلم ’جیون ہاتھی‘ ان رابطوں کو بڑھانے میں یقیناً معاون ثابت ہوگی۔

جی ہاں ۔۔۔بالکل درست پڑھا آپ نے جیون ساتھی نہیں ’جیون ہاتھی‘۔ یہ اسی پاکستان ہٹ فلم کی ہٹ ٹیم کا پروجیکٹ ہے جو ’زندہ بھاگ‘ کا حصہ تھی۔

مینوگور اور فرجاد نبی کی ڈائریکٹ کردہ فلم ’جیون ہاتھی‘ میں پاکستانی ٹی وی کی ورسٹائل اداکارہ حنا دلپذیر اور بالی وڈ کے لیجنڈری ،ویٹرن ایکٹر نصیرالدین شاہ ایک ساتھ کام کریں گے۔

فلم کی کہانی فصیح باری خان نے لکھی ہے جبکہ فلم پاکستان اور بھارت کا مشترکہ پروجیکٹ ہے جسے ’زی زندگی‘ نے ’زیل فوریونٹی‘ کے نام سے لانچ کیا ہے۔

’زیل فوریونٹی‘ کے تحت پاکستان اور بھارت کے بارہ فلم میکرز کو یکجا کیا گیا ہے جو ایسی فلمز بنائیں گے جن میں اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دیا گیا ہو۔ ان فلموں کی نمائش دنیا کے مختلف فلم فیسٹیولز میں کی جائے گی۔

’جیون ہاتھی‘ کے پروڈیوسرز کا کہنا ہے کہ فلم فی الحال بھارت میں باقاعدہ طور پر ریلیز نہیں کی جائے گی بلکہ وہاں ہونے والے فلم فیسٹیول میں پیش کی جائے گی ۔

ادھر ’ڈان ‘ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں فلم اور دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان موجودہ صورتحال پربات کرتے ہوئے حنا دلپذیر کا کہنا تھا:’’ ہم سب آرٹسٹ ہیں جو تخلیقی کام سے جڑے ہوئے ہیں۔ ہمارا کام کسی کو بدلنا نہیں بلکہ اندھیرے میں شمع جلانا ہے اور ہم یہی کر رہے ہیں۔ اپنی فلموں کے ذریعے ہم نے اپنے نام کی شمع جلا دی ہے اور توقع ہے باقی لوگ کے لئے اس سے راہ ہموار ہوگی۔ ہم محبتیں پھیلانا اور بانٹنا چاہتے ہیں۔‘‘

فلم کے دیگر فنکاروں میں سمیعہ ممتاز، کرن تعبیر، عدنان جعفر اور تھیڑ ایکٹر فواد خان شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG