رسائی کے لنکس

پاک بھارت ون ڈے کرکٹ: ریکارڈ کے آئینے میں


پاک بھارت کرٹ میچ (فائل فوٹو)

پاک بھارت کرٹ میچ (فائل فوٹو)

روائتی حریفوں کے درمیان 121 میچ کھیلے جا چکے ہیں پاکستان کو 69 میں کامیابی ملی، 48 میں کامیابی بھارت کا مقدر بنی جبکہ چار بے نتیجہ رہے۔

دنیائے کرکٹ کے دو روائتی حریف پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں جب بھی میدان میں اترتی ہیں دلوں کی دھڑکن تیز ہونا اور ہتھیلیوں پر پسینہ آنا ایک عام سی بات ہے۔ دونوں ممالک کے شہر ویران ہو جاتے ہیں اور نظریں ٹیلی ویژن پر جم جاتی ہیں۔

دونوں ممالک آج تک ایک سو اکیس ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں مدمقابل آچکے ہیں۔ ستائیس میچ پاکستان کی سرزمین پر کھیلے گے اور ستائیس بار ہی بھارتی میدانوں میں پنجہ آزمائی ہو چکی ہے جبکہ 67 بار یہ میلہ نیوٹرل میدانوں میں سجا ہے۔

پاکستان کو انہتر میچوں میں کامیابی ملی جبکہ صرف اڑتالیس بار کامیابی کا تاج بھارت کے سر سجا جبکہ صرف چار بار میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا۔

اگر ایک روزہ مقابلوں کے بڑے ٹورنامنٹس کا جائزہ لیں تو بھارت کا پلڑا بھاری نظر آتا ہے۔ بھارت دو ورلڈ کپ جیت چکا ہے جبکہ پاکستان ایک، بھارت ایک منی ورلڈ کپ یا چمپیئنز ٹرافی جیت چکا ہے جو پاکستان کے حصے میں ابھی تک نہیں آئی۔ اسی طرح بھارت پانچ بار ایشیا کپ کا فاتح قرار پایا ہے لیکن یہ اعزاز پاکستان کو صرف دو بار ملا ہے۔

دونوں ٹیمیں چیمپیئنز ٹرافی میں دو بار آمنے سامنے آئی اور دونوں بار پاکستانی ٹیم فتح یاب رہی لیکن ایک روزہ کرکٹ کے عالمی مقابلوں میں دونوں ممالک کل پانچ بار آمنے سامنے آئے اور ہر بار بھارتی ٹیم جیت کر میدان سے باہر آئی۔

دونوں ٹیمیں پہلی بار ایک روزہ میچوں کی سیریز میں ایوب نیشنل اسٹیڈیم کوئٹہ میں یکم اکتوبر 1978 کو مدمقابل آئی تھیں جس میں بھارت کو چار رنز سے کامیابی ملی تھی۔ آخری میچ اٹھارہ مارچ دوہزار بارہ کو شیربنگلا اسٹیڈیم میرپور بنگلا دیش میں کھیلا گیا تھا اور یہ بھی بھارت کے نام رہا تھا۔

بھارتی سر زمین پر کھیلے گئے ستائیس ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کا پلہ بھاری ہے اور اس نے سترہ میں کامیابی حاصل کی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جاری شدہ ایک روزہ کرکٹ کی عالمی رینکینگ میں بھارت کا تیسرا نمبر ہے جبکہ پاکستان کا نمبر چھٹا ہے۔
XS
SM
MD
LG