رسائی کے لنکس

پاکستان بھارت سے بہتر تعلقات چاہتا ہے: سلمان بشیر


’ہم مذاکرات کے عمل کو شروع کرنے اور مختلف اجلاسوں کی تاریخوں کے تعین کے سلسلے میں کام کر رہے ہیں‘

بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر، سلمان بشیر نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کو اعلیٰ ترجیح دیتا ہے اور دونوں ملک مذاکرات شروع کرنے کے معاملے پر کام کر رہے ہیں۔

اُنھوں نے ’پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری‘ میں بولتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ساتھ باہمی رشتوں کو بہتر بنانے کے لیے وزیر اعظم نواز شریف کی حکومت کا مؤقف بالکل واضح ہے اور وہ إِسےاعلیٰ ترجیح دیتے ہیں۔

سکریٹری خارجہ سطح کے مذاکرات کے سلسلے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں سلمان بشیر نے کہا کہ، ’ہم مذاکرات کے عمل کو شروع کرنے اور مختلف اجلاسوں کی تاریخوں کے تعین کے سلسلے میں کام کر رہے ہیں‘۔

بھارت کے اِس مطالبے پر کہ پاکستان ممبئی حملوں کے ذمہ داروں کو اُس کے حوالے کردے، ہائی کمشنر نے کہا کہ یہ معاملہ قانونی سطح پر دیکھا جارہا ہے، اور جو بھی ضروری ہوا وہ کیا جائے گا۔

اُنھوں نے کہا کہ سکریٹری خارجہ مذاکرات کے ساتھ ساتھ وُلر بیراج کے سلسلے میں بات چیت اور مشترکہ کمیشنوں کی گروپ میٹنگز کے سلسلے میں بھی تاریخیں طے کی جارہی ہیں۔

سلمان بشیر نے مزید کہا کہ اقتصادی ترقی پاکستان کی اعلیٰ ترجیحات میں شامل ہے، اور اِس کے لیے مستحکم اور پُرامن ہمسائے کی ضرورت ہے۔

اُنھوں نے زور دے کر کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف سطحوں پر رابطے میں اضافے کی بھی ضرورت ہے۔

ہائی کمشنر نے کہا کہ ویزے جاری کرنے کے طریقہٴکار کو آسان بنانے کی بھی کوشش کی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق، ممبئی حملوں سے متعلق پاکستانی عدالتی کمیشن جلد ہی بھارت کا دورہ کرے گا۔
  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG