رسائی کے لنکس

متاثرین کی مدد کے لیے نریندر مودی کی پیشکش قابل قدر ہے: نواز شریف


پاک بھارت وزرائے اعظم (فائل)
پاک بھارت وزرائے اعظم (فائل)

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ جنوبی ایشیا اب بھی دنیا بھر میں قدرتی آفات سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شامل ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کی طرف سے سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کی پیشکش کو قابل قدر قرار دیا ہے۔

بھارتی وزیراعظم نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کی پیشکش کی تھی۔

واضح رہے کشمیر کو منقسم کرنے والی لائن آف کنٹرول کے اُس پار بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں بھی حالیہ بارشوں سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے اپنے بھارتی ہم منصب کے نام خط میں کہا کہ اُن کا ملک بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ جنوبی ایشیا اب بھی دنیا بھر میں قدرتی آفات سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شامل ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ آفات سے نمٹنے کی تیاری کے لیے قریبی تعاون خطے میں امن اور ترقی کے لیے ایجنڈے کا حصہ ہونا چاہیئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب دونوں ملک امن و استحکام کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے خاکہ تیار کریں تو سیلا بوں کی وجوہات اور اُن سے نمٹنے کے لیے تیاری پر توجہ مرکوز کرنی چاہیئے۔

حالیہ مون سون بارشوں سے پاکستان اور بھارت کے زیرانتظام کشمیر کے علاقے بری طرح متاثر ہوئے۔ پاکستانی حکام کے مطابق صرف پاکستانی کشمیر میں حالیہ بارشوں اور سیلابوں سے 64 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ لگ بھگ 30 ہزار افراد متاثر ہوئے۔

XS
SM
MD
LG