رسائی کے لنکس

بھارت سے رہائی پانے والے39پاکستانیوں کی وطن واپسی


بھارت سے رہائی پانے والے39پاکستانیوں کی وطن واپسی
بھارت سے رہائی پانے والے39پاکستانیوں کی وطن واپسی

بھارت نے مختلف جیلوں سے رہا کیے گئے دو خواتین سمیت 39 پاکستانیوں کو پیر کے روز واہگہ بارڈ پر پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا۔

ان قیدیوں کی رہائی ایک ایسے وقت عمل میں آئی ہے جب گذشتہ ہفتے صدر آصف علی زرداری نے جاسوسی کے الزام میں 27 سال سے پاکستان میں قید بھارتی شہری گوپال داس کی سزا انسانی بنیادوں پر معاف کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد اُسے رہا کردیا گیا۔

پاکستان کے سرکاری ریکارڈ کے مطابق سزا یافتہ بھارتی باشندے گوپال داس کو جون 1987ء میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی اور مقامی قوانین کے تحت اُس کی سزا رواں سال کے آخر میں مکمل ہونا تھی ۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق بھارت کی طرف سے قیدیوں کی رہائی کے اس اقدام کے جواب میں پاکستان نے بھی مزید بھارتی قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم دونوں ملکوں میں سرکاری طور پر اس کی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔

بھارت اور پاکستان میں ایک دوسرے کے شہریوں کو حراست میں لینے کے واقعات عام ہیں اور یہ گرفتاریاں عموماً ویزہ کی میعاد سے زائد قیام اور غلطی سے سرحد عبور کرنے کی وجہ سے کی جاتی ہیں۔

دونوں ملکوں نے معمولی الزامات کی بنا پر زیر حراست قیدیوں کی رہائی اور اُن کی وطن واپسی کے سلسلے میں ایک عدالتی کمیٹی بھی تشکیل دے رکھی ہے جس کا آئندہ اجلاس رواں ماہ پاکستان میں ہو گا۔

XS
SM
MD
LG