رسائی کے لنکس

بھارت سے مذاکرات کی بحالی چاہتے ہیں: پاکستان


ترجمان اعزاز احمد چوہدری نے بتایا کہ وزیراعظم نے اس کام کے لیے ایک تجربہ کار سفارت کار شہریار احمد خان کا انتخاب کیا ہے جنہوں نے بھارتی وزیراعظم سے ملاقات کر کے اُنھیں نواز شریف کا ایک خط بھی پہنچایا۔

پاکستان نے کہا ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ امن مذاکرات کی بحالی چاہتا ہے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد سازی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو باضابطہ طور پر آگے بڑھایا جا سکے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان اعزاز احمد چوہدری نے جمعہ کو ہفتہ وار نیوز کانفرنس میں کہا کہ پاکستان کی سیاسی قیادت پڑوسی ملک بھارت کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات استوار کرنے کے عزم اور خواہش کا اظہار کر چکی ہے۔

’’وزیراعظم نے کئی بیانات بھی دیئے ہیں اور بہت واضح عندیہ دیا ہے کہ ہم ہندوستان کے ساتھ اچھے ہمسایہ تعلقات چاہتے ہیں…. ہم چاہیں گے کہ جامع امن مذاکرات بھی شروع ہوں کیوں کہ عدم اعتمادی کی اگر کہیں کو رمک نظر آئے تو وہ ختم کی جا سکے۔‘‘

پڑوسی ملک بھارت کے ساتھ تعلقات کے بارے میں دفتر خارجہ کے ترجمان کے اس بیان سے ایک روز قبل وزیراعظم نواز شریف نے کہا تھا کہ بھارت کے ساتھ غیر رسمی سفارت کاری یعنی بیک چینل ڈیپلومیسی بحال کر دی گئی ہے۔

ترجمان اعزاز احمد چوہدری نے بتایا کہ وزیراعظم نے اس کام کے لیے ایک تجربہ کار سفارت کار شہریار احمد خان کا انتخاب کیا ہے جنہوں نے بھارتی وزیراعظم سے ملاقات کر کے اُنھیں نواز شریف کا ایک خط بھی پہنچایا۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں قرآن کی مبینہ بے حرمتی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں اعزاز احمد چوہدری نے بتایا کہ پاکستان کو اس واقعہ پر شدید تشویش ہے اور بھارتی حکام نے یقین دہانی کرائی کہ اس معاملے کی مکمل چھان بین کی جائے گی۔
XS
SM
MD
LG