رسائی کے لنکس

بھارتی فوجیوں کی لاشوں کو مسخ نہیں کیا گیا: پاکستانی فوج


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کی فوج نے بھارت کے اُن الزامات کی تردید کی ہے جن میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول فائرنگ میں دو بھارتی فوجیوں کو ہلاک کرنے کے بعد پاکستان اُن کی لاشوں کو مسخ کر دیا۔

بھارت کے اس دعوے کو پاکستانی فوج نے جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول کے پار کوئی کارروائی نہیں کی۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے بیان میں کہا گیا کہ کشمیر کے بٹل سیکڑ میں پاکستانی فوج نے نا تو فائر بندی معاہدے کی کوئی خلاف ورزی کی اور نا ہی کوئی ’’بیٹ ایکشن‘‘ یا لائن آف کنٹرول کے پار کارروائی کی۔

واضح رہے کہ پاکستان لائن آف کنٹرول یعنی ’ایل او سی‘ کے اس پار علاقے کو بٹل سیکٹر کہتا ہے جب کہ بھارت اپنے زیر انتظام کشمیر میں اس علاقے کو کرشنا گھاٹی سیکٹر کا نام دیتا ہے۔

پیر کو بھارتی فوج کے ایک بیان میں کہا گیا کہ کرشنا کھاٹی سیکٹر میں پاکستانی فوج نے بھارتی فورسز کی دو سرحدی چوکیوں پر گولہ باری کی اور اس کے بعد ان چوکیوں کے درمیان گشت پر مامور اہلکاروں پر حملہ کر دیا۔

بھارتی فوج کے ایک بیان کے مطابق پاکستانی اہلکاروں نے دو بھارتی فوجیوں کی لاشوں کو مسخ کیا۔

اس الزام کے جواب میں پاکستانی فوج کی طرف سے کہا کہ وہ ایک پیشہ ور فوج ہے اور کسی بھی فوجی چاہے اُس کا تعلق بھارت ہی سے کیوں نا ہو، اس کی بے حرمتی نہیں کرے گی۔

اس سے قبل بھی بھارت کی طرف سے پاکستان پر بھارتی فوجیوں کی لاشوں کو مسخ کرنے کا الزام لگایا جاتا رہا۔

تاہم ماضی میں بھی پاکستان فوج کی طرف سے ایسے الزامات کی تردید کی جاتی رہی۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل ہی پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کشمیر کو تقسیم کرنے والی عارضی حد بندی لائن ’ایل او سی‘ پر حاجی پیر سیکٹر کا دورہ کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG