رسائی کے لنکس

دہشت گرد حملے برادشت نہیں کریں گے: چودھری نثار


چودھری نثار علی خان
چودھری نثار علی خان

وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ شدت پسندوں کے ایسے گروپوں پر نظر رکھے ہوئے ہے جو بات چیت کے خواہش مند ہیں اور ان سے مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔

پاکستان کے وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان قائم کرنے کے لیے حکومت نے اہم فیصلے کیے ہیں جن کا باقاعدہ اعلان جلد کیا جائے گا۔

اُنھوں نے کہا کہ ملک کے گلی کوچوں میں اب تشدد کی کارروائیاں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔

جمعرات کو پشاور میں گورنر خیبر پختونخواہ انجینیئر شوکت اللہ اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اس وقت بھی حکومت امن کے لیے مذاکرات کو ترجیح دے رہی ہے لیکن ساتھ ہی دہشت گردانہ کارروائیوں کا جواب بھی ضرور دیا جائے گا۔

’’اس وقت تک ڈائیلاگ ہی ترجیح ہے لیکن چونکہ ڈائیلاگ کے ساتھ ساتھ دوسری طرف سے حملے بھی جاری تھے، دہشت گردی کی کارروائیاں بھی ہو رہی تھیں تو حکومت نے پالیسی شفٹ لیا کہ ڈائیلاگ کو آگے بڑھانا ہے لیکن اگر دوسری طرف سے تشدد کی کارروائیاں ہوئیں تو اس کا جواب بھی دیا جائے گا۔‘‘

حالیہ ہفتوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں دہشت گردانہ کارروائیوں اور طالبان کے ایک کمانڈر کی طرف سے سکیورٹی فورسز کے 23 اہلکاروں کو قتل کرنے کے دعوے کے بعد شدت پسندوں اور حکومت کے درمیان مذاکرات کی کوششیں تعطل کا شکار ہوچکی ہیں۔

ایک ہفتے کے دوران سکیورٹی فورسز نے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان، خیبر پختونخواہ اور ہنگو کے علاقوں میں فضائی کارروائیوں میں 90 سے زائد شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ بھی کیا۔

وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ شدت پسندوں کے ایسے گروپوں پر نظر رکھے ہوئے ہے جو بات چیت کے خواہش مند ہیں اور ان سے مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔

’’ان گروپوں کو دیکھ رہے ہیں جو کہتے ہیں کہ وہ پاکستان کے خلاف نہیں اور انھوں نے پاکستان کے خلاف کارروائیاں بھی نہیں کیں تو ہم پرعزم ہیں کہ ہم اس طریقے سے آگے بڑھنا چاہیئں گے حکومت پر خلوص انداز سے بات آگے بڑھائے گی۔‘‘

چودھری نثار علی خان نے بتایا کہ وزیراعظم جلد ہی چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ کا اجلاس بلائیں گے جس میں قومی داخلی سلامتی کے معاملات کی مزید وضاحت کی جائے گی۔

وفاقی وزیر کے بقول امن و امان بحال کرنے کے لیے وفاق صوبائی حکومتوں سے بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔
XS
SM
MD
LG