رسائی کے لنکس

غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا: رحمٰن ملک


وزیر داخلہ رحمٰن ملک
وزیر داخلہ رحمٰن ملک

رحمان ملک نے کہا کہ کراچی اور کوئٹہ میں لوگوں کو نشانہ بنا کر ہلاک کرنے کے واقعات کا مقصد ملک میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی حوصلہ شکنی ہے لیکن حکومت قیام امن کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔۔

ملک میں سلامتی کی مجموعی صورتحال کے باعث مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل کے تناظر میں پیر کو کراچی میں تاجر برادری کے ایک اجلاس سے خطاب میں وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ حکومت تاجروں اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کرنے کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔

رحمان ملک نے کہا کہ اگر غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان آنا چاہتے ہیں تو ہم انھیں مکمل تحفظ فراہم کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ کراچی اور کوئٹہ میں لوگوں کو نشانہ بنا کر ہلاک کرنے کے واقعات کا مقصد ملک میں سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی کرنا ہے لیکن حکومت قیام امن کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

پاکستان کو حالیہ برسوں کے دوران جہاں بدترین دہشت گردی کا سامنا رہا وہیں توانائی کے بحران نے بھی گھریلو اور صنعتی صارفین کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔

کاروباری برادری کا کہنا ہے کہ امن اور حفاظت کسی بھی ملک میں سرمایہ لگانے کے دو بنیادی جزو ہیں لیکن پاکستان کی موجودہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے نا صرف غیر ملکی سرمایہ کار یہاں آنے سے ہچکچا رہے ہیں بلکہ مقامی صنعت کار بھی مزید پیسہ لگانے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چند سالوں کے دوران پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں کمی آئی ہے۔

حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں جن میں بعض علاقوں میں خصوصی صنعتی زونز کے قیام کے علاوہ اُنھیں لاکھوں ڈالر کی بیمہ پالیسی کی فراہمی بھی شامل ہے۔
XS
SM
MD
LG