رسائی کے لنکس

ایرانی اراکین پارلیمان کی پاکستانی ہم منصبوں سے ملاقات


ملاقات میں باہمی تعلقات کے علاوہ پاک ایران گیس پائپ لائن، تجارت کے فروغ اور افغانستان کے مسئلے پر بات چیت کی گئی۔

ایرانی اراکین پارلیمنٹ نے پاکستان کی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے ممبران سے پیر کو اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں باہمی تعلقات کے علاوہ پاک ایران گیس پائپ لائن، تجارت کے فروغ اور افغانستان کے مسئلے پر بات چیت کی گئی۔

ایرانی وفد کے سربراہ علاالدین بورجردی نے اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ ان کا ملک پاکستان سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو ہر صورت مکمل کیا جائے گا۔

’’یہ ہمارا مشترکہ فیصلہ ہے کہ ہم اس منصوبے کو آگے لے کر جائیں گے اور پاکستان کے عوام ایران سے آنے والی گیس سے مستفید ہوں گے۔‘‘

پاکستانی سینیٹ کی دفاع کی کمیٹی کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے اس موقع پر ایران کے پر امن ایٹمی پروگرام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایران کا حق ہے کہ وہ ٹیکنالوجی حاصل کرے۔

’’نیو کلئیر (ٹیکنالوجی) پر دوہرے معیار نہیں ہونے چاہیئں، ایک معیار مسلمانوں کے لیے اور ایک معیار دوسروں کے لیے ہم یہ قبول نہیں کریں گے۔‘‘

مشاہد حسین سید نے 2014ء میں افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلاء کے پیش نظر وہاں قیام امن اور خطے میں استحکام اور ترقی کی خاطر پاکستان اور ایران کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
XS
SM
MD
LG