رسائی کے لنکس

حزب اختلاف کی جماعتوں کا کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا مطالبہ


حزب اختلاف کی جماعتوں کا کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا مطالبہ
حزب اختلاف کی جماعتوں کا کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا مطالبہ

پاکستانی پارلیمان کے دونوں ایوان میں ان دنوں نئے مالی سال کے بجٹ پر بحث جاری ہے لیکن پچھلے چند روز کے دوران حزب اختلاف کی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اراکین نے متنازع کالا باغ ڈیم تعمیر کرنے کا مطالبہ شروع کر رکھا ہے جو اُن کے بقول ملک کو درپیش توانائی کے بحران سے نمٹنے کا بہترین حل ہے۔

جمعرات کو سینٹ کے اجلاس میں حکمران اتحاد میں شامل عوامی نیشنل پارٹی کے اراکین نے ان مطالبات کی مذمت کی جس کے بعد اس ڈیم کے حامی اور مخالف اراکین سینٹ میں تلخ کلامی بھی ہوئی ۔ صوبہ خیبر پختون خواہ میں برسراقتدار عوامی نیشنل پارٹی کالا باغ ڈیم کی تعمیر کی سخت مخالف کرتی آئی ہے ۔ جب کہ سندھ اور بلوچستان کی صوبائی اسمبلیوں نے بھی اس منصوبے کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کر رکھی ہیں۔

حکمران جماعت پیپلز پارٹی کے اراکین کاموقف ہے کہ کئی سال پرانے اس منصوبے پر صوبوں میں اختلافات کے باعث آج تک کام شروع نہیں ہوسکا ہے اور اُن کے بقول کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا موجودہ حالات میں مطالبہ کرنا صوبوں میں اس معاملے پرمنافرت کا باعث بن سکتاہے۔

پارلیمنٹ میں اس مسئلے پر یہ بحث ایک ایسے وقت ہورہی ہے جب پاکستان اور امریکہ کے درمیان طویل المدتی شراکت داری کے لیے مارچ میں ہونے والے اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کے تحت توانائی کے شعبے میں تعاون کے فروغ کے لیے دو روزہ بات چیت کا آخری دور جمعرات کواسلام آباد میں ہوا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے پاک امریکہ مذاکرات کے اس دو ر کو مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے تقریباً 30 ایسے منصوبوں کی نشاندہی کی ہے جو توانائی کے بحران سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG