رسائی کے لنکس

کراچی: رکن اسمبلی کی ہلاکت پر سوگ، ٹرانسپورٹ و کاروبار بند


فائل فوٹو
فائل فوٹو

نجی تعلیمی ادارے بھی بند رہے جب کہ جامعہ کراچی اور اردو یونیورسٹی نے جمعہ کو ہونے والے امتحانات بھی ملتوی کردیے ہیں۔

پاکستان کے تجارتی مرکز کراچی میں ایک روز قبل حکمران اتحاد میں شامل جماعت متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی منظر امام کی ہلاکت پر جمعہ کو یوم سوگ منایا گیا۔

جمعرات کو نامعلوم مسلح افراد نے اورنگی ٹاؤن میں منظر امام کی گاڑی پر فائرنگ کرکے ان کے سمیت چار افراد کو ہلاک کردیا تھا۔

کراچی میں اثر و رسوخ کی حامل سیاسی جماعت ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی کی نماز جنازہ جمعہ کو جناح گراؤنڈ میں ادا کی گئی جس کے بعد انھیں شہدائے قبرستان عزیز آباد میں سپرد خاک کردیا گیا۔

نماز جنازہ میں سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔

منظر امام کی ہلاکت کے خلاف جمعہ کو کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں کاروبار زندگی معطل رہا۔ تمام کاروباری مراکز، پٹرول پمپس اور نجی تعلیمی ادارے بندرہے۔ جامعہ کراچی اور اردو یونیورسٹی کے جمعہ کو ہونے والے امتحانی پرچے بھی ملتوی کردیے گئے۔

ایک روز قبل منظر امام کی ہلاکت کی خبر آتے ہی شہر کے کراچی اور حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں پرتشدد احتجاج دیکھنے میں آیا تھا جس دوران متعدد گاڑیوں کو نذ آتش کردیا گیا تھا۔ اسی باعث کراچی میں جمعہ کو پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند رہی۔

متحدہ قومی موومنٹ نے اپنے رکن کی ہلاکت پر تین روزہ سوگ کا اعلان کررکھا ہے جب کہ ان کی حریف سمجھی جانے والی سیاسی جماعت عوامی نیشنل پارٹی نے بھی اس کی حمایت کی ہے۔

منظر امام کی نماز جنازہ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے ایک سینیئر رہنما رضا ہارون نے کہا کہ ان کی جماعت ایسے دہشت گردانہ واقعات سے ڈرنے والی نہیں اور امن پسندی کو ان کی کمزوری نہ سمجھا جائے۔

انھوں نے گزشتہ ماہ پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کے سینیئر صوبائی وزیر بشیر احمد بلور کی ایک خودکش بم حملے میں ہلاکت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اب عام لوگوں کے ساتھ ساتھ عوامی نمائندوں کو بھی نشانہ بنانے لگے ہیں۔

رضا ہارون نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہونے کو اشد ضرورت ہے۔

پاکستان کے سب سے بڑے شہر میں امن وامان کی صورتحال میں حالیہ مہینوں کے دوران ایک بار پھر خرابی دیکھنے میں آرہی ہیں جہاں ہدف بنا کر قتل کرنے کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

کراچی سے ہماری نمائندہ شائستہ جلیل کے مطابق مقتول رکنِ صوبائی اسمبلی کے قتل کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔

مقدمہ اورنگی ٹائون تھانے میں مقتول ایم پی اے کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

گزشتہ روز منظر امام کے قتل کی ذمہ داری 'تحریک طالبان پاکستان' نے قبول کی تھی۔
XS
SM
MD
LG