رسائی کے لنکس

کراچی میں فائرنگ سے پولیس افسر ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکام کے مطابق مجید عباس اپنے دفتر جا رہے تھے کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے اُن کی گاڑی کو روکنے کے بعد اُس پر فائرنگ شروع کر دی۔

پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس ’ڈی ایس پی‘ مجید عباس ہلاک ہو گئے۔

پولیس کے مطابق منگل کی صبح شاہ لطیف ٹاؤن کی حدود میں مجید عباس کو نشانہ بنایا گیا۔

ابتدائی طور پر اکٹھی کی گئی معلومات کے بعد پولیس کی طرف سے بتایا گیا کہ مجید عباس اپنے دفتر جا رہے تھے کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے اُن کی گاڑی کو روکنے کے بعد اُس پر فائرنگ شروع کر دی۔

فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے پولیس افسر پر ہلاکت خیز حملے کی مذمت کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ شہر میں حالیہ ہفتوں میں پولیس پر ہونے والے حملوں کو روکنے اور امن و امان کے لیے مزید موثر اقدامات کیے جائیں۔

ایک سرکاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ان واقعات میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

حالیہ ہفتوں میں اگرچہ کراچی پولیس نے شہر میں تشدد کے واقعات میں ملوث کئی افراد کو گرفتار کیا ہے، لیکن اب بھی پولیس پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

کراچی میں حالیہ مہینوں میں شدت پسندوں کے حملوں میں متعدد پولیس افسر و اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔

ملک کے اقتصادی مرکز کراچی میں ڈیڑھ سال سے زائد عرصے سے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف رینجرز کی قیادت میں ’ٹارگٹڈ‘ کارروائیاں جاری ہیں، جس کے بعد حکام کے مطابق اس شہر میں امن و امان کی صورت حال میں کچھ بہتری آئی ہے۔

XS
SM
MD
LG