رسائی کے لنکس

کراچی کے قریب بس اور ٹینکر میں تصادم، 62 ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

متعدد لاشیں اس حد تک جھلس چکی ہیں کہ ان کی شناخت ممکن نہیں رہی جب کہ زخمیوں میں سے اکثر کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں بھی اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ میں ایک بدترین ٹریفک حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 62 ہو گئی۔

یہ واقعہ ہفتہ کو دیر گئے کراچی کے سپر ہائی وے کی لنک روڈ پر پیش آیا تھا جہاں کراچی سے شکار پور جانے والی مسافر بس مخالف سمت سے آنے والے آئل ٹینکر ٹکرا گئی جس کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔

کمشنر کراچی شعیب صدیقی کے مطابق آئل ٹینکر اپنے آگے جانے والی گاڑی کو اوور ٹیک کرتے ہوئے سامنے سے آنے والی بس سے جا ٹکرایا۔

تصادم کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی اور ٹینکر پر لدے تیل کے باعث اس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی۔

پولیس اور امدادی کارکن جائے وقوع پر پہنچے اور زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کرنا شروع کیا۔

حکام کے مطابق متعدد لاشیں اس حد تک جھلس چکی ہیں کہ ان کی شناخت ممکن نہیں رہی جب کہ زخمیوں میں سے اکثر کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں بھی اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق بس میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے اور حادثے کے وقت بہت سے مسافر بس کی چھت پر بھی بیٹھے ہوئے تھے جن میں سے بعض نے تصادم کے وقت چھت سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی۔

پاکستان میں ٹریفک حادثات عام ہیں جن کی عمومی وجوہات میں غیر محتاط ڈرائیونگ، سڑکوں اور گاڑیوں کی خراب حالت اور نامناسب دیکھ بھال بتائی جاتی ہیں۔

دو ماہ قبل سندھ کے علاقے خیر پور کے قریب بھی ایک مسافر بس اور ٹرالر میں تصادم کے نتیجے میں 59 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG