رسائی کے لنکس

کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں ہڑتال


ہڑتال کی کال سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ نے اپنے ایک رکن سندھ اسمبلی کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کے طور پر دی تھی اور تین روزہ سوگ کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔

پاکستان کے اقتصادی مرکز کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں ہفتہ کو ہڑتال کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔

ہڑتال کی کال سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ نے اپنے ایک رکن سندھ اسمبلی کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کے طور پر دی تھی اور تین روزہ سوگ کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔

رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی کو کراچی کے علاقے ناظم آباد میں اس وقت نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا جب وہ اپنے بیٹے کے ہمراہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مسجد سے نکل رہے تھے۔ فائرنگ سے ان کا نوجوان بیٹا وقاص قریشی بھی ہلاک ہو گیا تھا۔

ہڑتال کے باعث کراچی میں تمام کاروباری مراکز، بازار اور پٹرول پمپس بند ہیں۔ سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے جب کہ بعض تعلیمی اداروں نے ہفتہ کو ہونے والے امتحانی پرچے بھی ملتوی کردیے ہیں۔

سندھ کے دیگر شہروں بشمول حیدرآباد، سکھر، میر پور خاص اور ٹنڈو محمد خان میں بھی ہڑتال کے باعث روز مرہ معمولات متاثر ہوئے ہیں۔

مقتولین کی نماز جنازہ ہفتہ کی سہ پہر کراچی میں عزیز آباد کے جناح گراؤنڈ میں ادا کی گئی اور انھیں یاسین آباد کے قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔
XS
SM
MD
LG