رسائی کے لنکس

کراچی: ٹارگٹڈ آپریشن میں 3 مشتبہ دہشت گرد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

مقامی حکام کے مطابق رینجرز نے گلشن بونیر کے علاقے میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا جہاں موجود مشتبہ دہشت گردوں نے ان پر جدید ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کردی جس سے رینجرز کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بدھ کی صبح مشتبہ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں رینجرز کا ایک اہلکار ہلاک ہو گیا جب کہ تین دہشت گرد بھی مارے گئے۔

مقامی حکام کے مطابق رینجرز نے گلشن بونیر کے علاقے میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا جہاں موجود مشتبہ دہشت گردوں نے ان پر جدید ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کر دی۔

جوابی فائرنگ میں تین دہشت گرد مارے گئے اور رینجرز نے وہاں سے بڑی مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا۔

اطلاعات کے مطابق ان دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے اور یہ عاشورہ کے موقع پر شہر میں مبینہ طور پر دہشت گردی کی ایک بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے۔

ملک کے اقتصادی مرکز کراچی میں امن و امان بحال کرنے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس اور رینجرز نے ستمبر میں ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیا تھا۔

حکومتی عہدیدار یہ کہہ چکے ہیں کہ کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن میں مختلف جرائم اور دہشت گردی میں مبینہ طور پر ملوث چھ ہزار سے زائد افراد گرفتار کیے جاچکے ہیں۔

وفاقی اور صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن سیاسی وابستگیوں سے قطع نظر جرائم پیشہ اور شر پسند عناصر کے خلاف بلاامتیاز انداز میں جاری رہے گا۔
XS
SM
MD
LG