رسائی کے لنکس

خیبر ایجنسی: گھر پر ماٹر گولہ گرنے سے 4 ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ مارٹر گولہ کس نے داغہ تھا۔

پاکستان کے شمال مغربی قبائلی خطے میں اتوار کو ایک مکان پر مارٹر گولہ گرنے سے بچوں سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے۔

خیبر ایجنسی کی انتظامیہ کے عہدے داروں نے بتایا کہ یہ واقعہ باڑہ تحصیل میں پیش آیا، مگر فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ مارٹر گولہ کس نے داغہ تھا۔

حکام کا کہنا تھا کہ اسی علاقے میں مزید تین مارٹر گولے بھی گرے لیکن اُن سے کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

افغان سرحد سے ملحقہ خیبر ایجنسی میں عسکریت پسندوں کے مختلف گروہ سرگرم ہیں جو سکیورٹی فورسز کے علاوہ اپنے مخالفین کو بھی پرتشدد کارروائیوں کا نشانہ بناتے رہتے ہیں۔

دریں اثنا ملک کے شمالی ضلع دیامر کے علاقے چلاس میں دریائے سندھ عبور کرنے کے لیے نصب چیئر لفٹ کی تار ٹوٹنے سے اس میں سوار آٹھ افراد دریا میں ڈوب گئے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق کئی گھنٹوں کی کوششوں کے باوجود لاپتا افراد کی تلاش کے عمل میں کوئی کامیابی نہیں ہوئی۔

سن 11-2010ء میں پاکستان کے شمالی حصے میں موسلا دھار بارشوں کے باعث مواصلاتی نظام کو بری طرح نقصان پہنچا تھا۔ متعدد علاقوں میں پل تباہ ہونے کی وجہ سے دریا اور ندی نالے عبور کرنے کے لیے چیئر لفٹس کا استعمال کیا جا رہا ہے جن میں سے اکثر کی حالت خستہ ہے۔
XS
SM
MD
LG