رسائی کے لنکس

ہنگو: تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی فائرنگ سے ہلاک


فائل فوٹو

فائل فوٹو

نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی فرید خان کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنی گاڑی میں بازار سے گزر رہے تھے۔

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے جنوبی ضلع ہنگو میں پیر کو نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تحریک انصاف کے نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی فرید خان محافظ سمیت ہلاک ہو گئے۔

خیبر پختونخواہ کے نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنی گاڑی میں بازار سے گزر رہے تھے۔

اس حملے میں فرید خان کا ڈرائیور اور ایک محافظ زخمی بھی ہوا۔

فرید خان نے گیارہ مئی کے انتخابات میں آزاد حیثیت حصہ لیا تھا اور کامیابی کے بعد وہ تحریک انصاف میں شامل ہو گئے تھے۔

اُنھوں نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے اُمیدوار عتیق الرحمٰن کو شکست دی تھی۔

فرید خان طویل عرصے سے ہنگو میں فلاحی کاموں میں مصروف تھے اور بظاہر اُن کی یہ ہی خدمات انتخابات میں اُن کی کامیابی سبب بنیں۔
XS
SM
MD
LG