رسائی کے لنکس

کوہاٹ: بم دھماکے میں کم ازکم 11 افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دیسی ساختہ بم سے دھماکے کے لیے کم ازکم پانچ کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبرپختونخواہ میں اتوار کو ایک بم دھماکے میں کم ازکم 11 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق یہ دھماکا کوہاٹ میں ہنگو روڈ پر پشاور چوک میں ہوا جس کے لیے دہشت گردوں نے دھماکا خیز مواد لکڑی کے ایک کریٹ میں چھپا رکھا تھا۔

ضلع پولیس افسر سلیم مروت نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں بتایا کہ دیسی ساختہ بم سے دھماکے کے لیے کم ازکم پانچ کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حملے کا نشانہ بظاہر عام لوگ ہی تھے کیونکہ جس جگہ یہ دھماکا کیا گیا وہ یہ چھوٹا بس اسٹاپ تھا جہاں عموماً ویگنیں اور چھوٹی گاڑیاں مسافروں کے لیے رکتی ہیں۔

زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کے گھیرے میں لے کر شواہد جمع کیے۔

فوری طور پر اس واقعے کی کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم دہشت گردی کے شکار صوبہ خیبرپختونخواہ میں شدت پسند ایسی پر تشدد کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG