رسائی کے لنکس

کرم ایجنسی: بم حملے میں چار سکیورٹی اہلکار ہلاک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

سکیورٹی فورسز کے اہلکار قبائلی علاقے کرم ایجنسی پیر کے روز معمول کے گشت پر تھے کہ ان کی گاڑی کو پہلے سے نصب دیسی ساخت کے ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔

حکام نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کے اہلکار قبائلی علاقے کرم ایجنسی پیر کے روز معمول کے گشت پر تھے کہ ان کی گاڑی کو پہلے سے نصب دیسی ساخت کے ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔

اورکزئی ایجنسی کی سرحد سے ملحقہ ڈوگر مسوزئی میں ہونے والے بم دھماکے سے سکیورٹی فورسز کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی جب کہ اس میں موجود اہلکاروں میں چار موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ حکام نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک افسر بھی شامل ہے۔

حکام نے اس بم حملے میں دو اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے جنھیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

بم حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے کرم اور اورکزئی کے سرحدی علاقوں میں روپوش عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی، تاہم جوابی کارروائی میں عسکریت پسندوں کو پہنچنے والے جانی اور مالی نقصان کے بارے میں اطلاعات موصول نہیں ہو سکی ہیں۔

قبائلی علاقوں کرم، اورکزئی اور خیبر کو ملانے والی برف پوش وادی تیراہ میں عسکریت پسند روپوش ہیں اور ان کے خلاف سکیورٹی فورسز تواتر سے کارروائیاں کر رہی ہے۔

پچھلے ہفتہ ہونے والی کارروائیوں میں حکام نے 30 سے زائد عسکریت پسندوں کو ہلاک اور ان کے زیر استعمال متعدد ٹھکانے تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
XS
SM
MD
LG