رسائی کے لنکس

لاہور بم دھماکا: فنکاروں کے ٹوئٹر پر تعزیتی پیغامات


اداکارہ ماہرہ خان، پریانکا چوپڑا، ہریتک روشن اور فواد خان سمیت بہت سے فنکاروں نے ٹوئٹر ہیش ٹیگ #prayforlahore اور #lahoreblast کو استعمال کرتے ہوئے لاہور حملے کے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

صوبہ پنجاب کے مرکزی شہر لاہور میں اتوار کو گلشن اقبال پارک پر دہشت گرد حملے میں ہونے والے جانی نقصان خصوصاً بچوں اور عورتوں کی ہلاکتوں پر جہاں پاکستان کی فضا سوگوار ہے وہیں دنیا بھر میں اس افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔

گزشتہ روز لاہور کے گلشن اقبال پارک میں ہونے والے خود کش بم دھماکے میں 70 سے زائد افراد کی جانیں چلی گئیں جبکہ اس ہولناک واقعے میں سینکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اس بار شدت پسندوں کی طرف سے دہشت گردی کا نشانہ ان بچوں اور خاندانوں کو بنایا گیا ہے جو پارک میں کھیلنے اور جھولا جھولنے کے لیے آئے تھے۔

معصوم بچوں اور عورتوں کی المناک ہلاکتوں پر ہر دل خون کے آنسو رو رہا ہے وہیں فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والے حساس فنکاروں نے بھی اس واقعے کی مذمت اور ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیا ہے۔

اگرچہ 'غم' اس واقعہ کی بربریت کو بیان کرنے کے لیے بہت چھوٹا لفظ ہے جو معصوم جانوں کے بھاری نقصان کے مقابلے میں زبان پر ہلکا معلوم ہوتا ہے۔ تاہم برصغیر بھر سے مشہور شخصیات اور فنکاروں نے انسانی جانوں کے نقصان کے لیے 140 حروف کی ٹوئٹس میں اپنے غم کو بیان کیا ہے۔

اداکارہ ماہرہ خان، پریانکا چوپڑا، ہریتک روشن اور فواد خان سمیت بہت سے فنکاروں نے ٹوئٹر ہیش ٹیگ #prayforlahore یعنی ’لاہور کے لیے دعا کریں‘ اور #lahoreblast یعنی ’لاہور دھماکا‘ کو استعمال کرتے ہوئے لاہور حملے کے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

اداکارہ پریانکا چوپڑا نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ ایسا لگتا ہے کہ دنیا سنگدل بیمار لوگوں سے بھر گئی ہے ۔۔۔ انتہائی غم زدہ خبر۔ میری دعائیں لاہور بم دھماکے کے متاثرہ کے ساتھ ہیں۔

اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کی کہ خدا کا واسطہ یہ ایک پارک ہے!! جہاں بچے جھولا جھولتے ہیں !! کس انسان کے پاس ایسا دل ہو گا جو ایسی چیز کر سکے۔

گلوکار علی ظفر نے اپنی ٹوئیٹ میں کہا کہ بچے اور عورتیں!! افسوس افسوس افسوس !! شدید صدمے میں ہوں۔ لاہور حملے پر کچھ بھی کہنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔

اداکار فواد خان نے اپنے ٹوئٹر کے صفحے پر لاہور حملے کی مذمت کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان کے لیے ایک تباہ کن دن۔ مجھے لاہور کے گلشن اقبال پارک حملے کا سن کر شدید دکھ ہوا ہے جو کہ تشدد کا ایک بھیانک ترین واقعہ ہے۔

اداکارہ صنم سعید نے لکھا کہ کیا کیوں کیسے ۔۔۔ یہ کب ختم ہوگا ۔۔۔ ہم اسے روکنے میں کیسے مدد کرسکتے ہیں۔ لاہور حملے میں اپنے پیاروں کو کھونے والےخاندانوں سے میرا اظہار افسوس۔

کرکٹر ویرات کوہلی نے لکھا کہ مجھے دل کی گہرائیوں سے لاہور حملے کا سن کر دکھ پہنچا ہے۔ ہم لاہور میں تشدد اور احمقانہ دہشت گردی کے خلاف اظہار یک جہتی کے لیے کھڑے ہیں۔

اداکارہ سوناکشی سنہا نے کہا کہ شدید غصہ اور قابل نفرت عمل ہے یہ واقعہ ۔۔۔ تشدد کی ان احمقانہ کارروائیوں کا مقصد کیا ہے؟ میں پاکستان کے لوگوں سے اظہار تعزیت کرنا چاہتی ہوں۔

معروف اداکارہ پریٹی زینٹا نے ٹوئیٹ کی کہ لاہور بم حملے کا سن کر طبیعت اداس ہو گئی ہے۔ کیسے برے لوگ اس دنیا میں موجود ہیں جو معصوم عورتوں اور بچوں کا شکار کرتے ہیں۔

ہدایتکار کرن جوہر نے اپنی ٹوئیٹ میں لکھا کہ لاہور حملے کا سن کر دل غم زدہ ہے۔ میری دعائیں اور گہری ہمدردیاں ان لوگوں کے ساتھ ہیں جنھوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔

اداکار ہریتک روشن نے اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے پروا نہیں ہے کہ آپ یہ جنگ کیوں لڑ رہے ہیں لیکن آپ نے جو بچوں کے ساتھ کیا ہے اس کے لیے آپ کو جہنم کی آگ میں دھکیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG