رسائی کے لنکس

مایہ ناز کرکٹر حنیف محمد انتقال کر گئے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ان کے بیٹے شعیب محمد کے مطابق ان کے والد کی حرکت قلب اچانک بند ہوگئی تھی اور انھیں بتایا گیا کہ حنیف محمد انتقال کر گئے ہیں، تاہم چھ منٹ بعد دھڑکن بحال ہوگئی تھی۔

پاکستان کے مایہ ناز سابق کرکٹر حنیف محمد جمعرات کو کراچی میں انتقال کر گئے ان کی عمر 81 برس تھی۔

جمعرات کی دوپہر اچانک ان کے انتقال کی ذرائع ابلاغ پر نشر ہوئی لیکن ان کے بیٹے شعیب محمد کے مطابق ان کے والد کی حرکت قلب اچانک بند ہوگئی تھی اور انھیں بتایا گیا کہ حنیف محمد انتقال کر گئے ہیں۔

تاہم ڈاکٹروں کی تگ و دو سے صرف چھ منٹ کے بعد سابق کرکٹر کی حرکت قلب بحال ہوگئی۔

لیکن سہ پہر میں ایک بار پھر یہ خبر سامنے آئی کہ وہ حنیف محمد جانبر نہیں ہوسکے۔

حنیف محمد گزشتہ ماہ سے سانس کی تکلیف کے باعث کراچی کے آغا خان اسپتال میں زیر علاج تھے۔

وہ ایک عرصے سے پھیپھڑوں کے سرطان میں مبتلا تھے اور 2013ء میں لندن سے ان کا علاج بھی ہوا تھا۔

1934ء میں غیر منقسم ہندوستان کے علاقے جونا گڑھ میں پیدا ہونے والے حنیف محمد کا شمار پاکستان کے مایہ ناز کرکٹرز میں ہوتا تھا جب کہ وہ لٹل ماسٹر کے نام سے معروف تھے۔

انھوں نے 1952ء سے 1969ء کے درمیان 55 کرکٹ ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور ان کا انفرادی اسکور 337 رنز تھا۔

انھیں دنیائے کرکٹ میں طویل ترین اننگز کھیلنے کا اعزاز بھی حاصل ہے جو کہ 914 منٹ (15 گھنٹے سے زائد) ہے اور یہ ریکارڈ 40 سال گزرنے کے باوجود ابھی تک نہیں ٹوٹ سکا ہے۔

1950 کی دہائی کے اواخر میں حنیف محمد نے سر ڈان بریڈ مین کا ریکارڈ توڑتے ہوئے فرسٹ کلاس کرکٹ میں سب سے زیادہ انفرادی رنز بنائے۔ انھوں نے 499 رنز اسکور کیے لیکن پانچ سویں رن بنانے کے دوران وہ رن آؤٹ ہو گئے۔

ان کا یہ ریکارڈ برائن لارا نے 1994ء میں توڑا۔

XS
SM
MD
LG