رسائی کے لنکس

مزید پاکستانیوں کی لیبیا سے وطن واپسی


مزید پاکستانیوں کی لیبیا سے وطن واپسی
مزید پاکستانیوں کی لیبیا سے وطن واپسی

پاکستان کی حکومت نے کہا ہے کہ لیبیا میں جاری کشیدگی کی وجہ سے مزید چھ سو سے زائد پاکستانی باشندے وطن واپس پہنچے ہیں جس کے بعد اب تک لوٹنے والے افراد کی تعداد 4,738 ہو گئی ہے۔

وزارت خارجہ سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق لیبیا کے دارالحکومت طرابلس سے روانہ ہونے والی ایک خصوصی پرواز 471 پاکستانیوں کو لے کر اتوار کے روز اسلام آباد پہنچی۔ پاکستانیوں کو وطن واپس لانے والی یہ چھٹی خصوصی پرواز تھی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ لیبیا کے علاقے صیبحا سے ڈیڑھ سو پاکستانی باشندوں کو ایک اور چارٹرڈ طیارے کے ذریعے وطن واپس لایا گیا ہے تاہم بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ ُان کی آمد کس شہر میں ہوئی ہے۔

ترپن دیگر پاکستانی مصر کے دارالحکومت قاہرہ سے روانہ ہونے والی ایک کمرشل پرواز کے ذریعے اتوار کو اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔

پاکستانی حکومت نے وزارت خارجہ میں ایک خصوصی ٹاسک فورس قائم کر رکھی ہے جو لیبیا میں بدلتی ہوئی صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور وطن واپسی کے خواہش مند پاکستانیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔

لیبیا میں کئی ہفتوں سے حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں اور معمر قذافی کی حامی سکیورٹی فورسز اور باغیوں کے درمیان مختلف مقامات پر پرتشدد جھڑپیں ہو رہی ہیں۔ عرب لیگ اور مغربی ممالک نے لیبیا میں باغیوں پر فوج کے فضائی حملے رکوانے کے لیے ’نو فلائی زون‘ نافذ کرنے کے ممکنہ اقدام پر بھی غور کیا ہے۔


لیبیا کے رہنما معمر قذافی نے الزام لگایا تھا کہ اُن کی حکومت کے خلاف بغاوت شروع کروانے میں غیر ملکی عناصر ملوث ہیں۔

XS
SM
MD
LG