رسائی کے لنکس

غریبوں کے لیے ’ملالہ اسکول‘ تعمیر کرنے کا منصوبہ


ملالہ یوسف زئی (فائل فوٹو)
ملالہ یوسف زئی (فائل فوٹو)

’ملالہ اسکول‘ نامی یہ تعلیمی ادارے ملک کے لڑائی اور قدرتی آفات سے متاثرہ حصوں میں تعمیر کیے جائیں گے۔

لڑکیوں کی تعلیم کے لیے پندرہ سالہ ملالہ یوسفزئی کی کوششوں کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے اُس کے نام سے غریب بچوں کے لیے خصوصی اسکول تعمیر کرے گی۔

قومی کمیشن برائے انسانی ترقی کی سربراہ نفیسہ شاہ کے مطابق ’ملالہ اسکول‘ نامی یہ تعلیمی ادارے ملک کے لڑائی اور قدرتی آفات سے متاثرہ حصوں میں تعمیر کیے جائیں گے تاکہ مالی وسائل سے محروم خاندانوں کے بچوں اور بچیوں کو تعلیم کے مواقع میسر آ سکیں۔

لڑکیاں کھلے میدان میں تعلیم حاصل کرتے ہوئے (فائل فوٹو)
لڑکیاں کھلے میدان میں تعلیم حاصل کرتے ہوئے (فائل فوٹو)


اُن کے بقول جن علاقوں میں یہ اسکول تعمیر کیے جائیں گے ان کی نشاندہی کی جا چکی ہے اور جلد اس منصوبے کے لیے مالی وسائل اکٹھے کرنے کی اسکیم شروع کی جائے گی۔

نفیسہ شاہ نے بتایا کہ آٹھ لاکھ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والا ہر اسکول دو کمروں، ایک برآمدے، ایک حاجت گاہ پر مشتمل ہو گا جبکہ اسے وسعت دینے کی گنجائش بھی رکھی جائے گی۔

گزشتہ ہفتے اسلام آباد کے دورے کے موقع پر عالمی تعلیم کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے گورڈن براؤن نے پاکستان میں پچاس لاکھ سے زائد بچوں کو اسکول بھیجنے کے ایک منصوبے پر مقامی حکام سے بات چیت کی تھی۔

شدت پسندی کی مخالفت کرنے اور لڑکیوں کو تعلیم دلوانے کے حق میں مہم چلانے کی پاداش میں طالبان نے سوات کے انتظامی مرکز مینگورہ میں نو اکتوبرکو ملالہ یوسف زئی پر قاتلانہ حملہ کیا تھا مگر وہ معجزانہ طور پر بچ گئی۔

تاہم سر کے قریب گولی لگنے سے وہ شدید زخمی ہو گئی اور حکومت پاکستان نے بہتر علاج کے لیے اُسے برطانیہ بھیج دیا جہاں ان دنوں وہ برمنگھم کے کوئین الزبیتھ اسپتال میں تیزی سے صحت یاب ہو رہی ہے۔

ملالہ کی جرات مندانہ مہم پر اُس نے دنیا بھر میں کروڑوں افراد کے دل جیت لیے اور اقوام متحدہ نے دس نومبر کو ’یوم ملالہ‘ منایا۔
XS
SM
MD
LG