رسائی کے لنکس

ملالہ یوسف زئی کو بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ موخر


ملالہ
ملالہ

ڈاکٹرز کے مطابق ملالہ کی طبیعت بہتر ہے اور وہ اب خطرے سے باہر ہیں اس لئے انہیں علاج کی غرض سے بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ فی الحال موخر کردیا گیا ہے: رحمٰن ملک

مبینہ طور پر طالبان کے ہاتھوں زخمی ہونے والی سوات کی طالبہ ملالہ یوسف زئی کو علاج کی غرض سے بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ فی الحال موخر کردیا گیا ہے۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کے مطابق ملالہ کی طبیعت بہتر ہے اور وہ اب خطرے سے باہر ہیں اس لئے انہیں علاج کی غرض سے بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ فی الحال موخر کردیا گیا ہے تاہم اگر ضرورت پڑی تو انہیں فوری طور پر لندن، متحدہ عرب امارات یا امریکہ بھیج دیا جائے گا۔

رحمن ملک نےبدھ کے روز پشاور میں صحافیوں سےبات چیت میں یہ بھی انکشاف کیا کہ ملالہ پرحملہ کرنے والوں کی شناخت ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کہیں بھی فرار ہوجائیں انہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

اس سے قبل بدھ کی صبح ملالہ کو یو اے ای یا لندن بھیجے جانے کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے تھے۔ مقامی میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ کی ہدایت پر فوری طور پر ملالہ کا پاسپورٹ تیار کیا گیا تھا جبکہ ملالہ کے والد بھی بیرون ملک بھیجے جارہے تھے ۔

ملالہ اور ان کے والد کی ویزا کے بھی تمام انتظامات مکمل ہوچکے تھے لیکن سی ایم ایچ کے میڈیکل بورڈ نے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ چونکہ ملالہ کی حالت خطرے سے باہر ہے اور ان کے جسم میں پیوست ہونے والی گولی بھی نکال لی گئی ہے لہذا اب ملالہ کو فوری طور پر بیرون ملک بھیجنے کی ضرورت نہیں۔
XS
SM
MD
LG