رسائی کے لنکس

منچھر جھیل میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ، ہزاروں افراد کی نقل مکانی


صوبہ سندھ کے ضلع دادو میں واقع میٹھے پانی کی سب سے بڑ ی منچھر جھیل میں سیلابی پانی کی آمد کے باعث ، پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور سیلابی پانی کے اردگرد کے دیہاتوں اور قصبوں میں داخل ہونے کے خدشات کے پیش نظرہزارو ں افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی کا سلسلہ جاری ہے ۔

حکام کا کہنا ہے کہ سیلابی پانی سے آبادی کو محفوظ رکھنے کے لیے پشتوں اور بندوں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے ۔ صوبہ سندھ اب بھی سیلاب کی زد میں ہے اور سرکاری اعدادوشمار کے مطابق صوبے کے 23 میں سے 19 اضلاع اس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

دریں اثناء وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ابتدائی طور پر سیلاب زدگان میں 20 ہزار روپے کی امداد ی رقوم کی تقسیم کا کام جلدازجلد مکمل کیا جائے تاہم اُنھوں نے کہا کہ متاثرین کی امداد کے لیے حکومت نے وفاقی بجٹ میں پہلے سے طے کردہ ترجیحات پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا۔

اُنھوں نے کہا کہ حکومت سیلاب زدگان کی امداد کے لیے اندرون ملک اضافی رقوم اکٹھی کرنے کے لیے مختصر اور طویل المدتی اقدامات کرے گی تاکہ بین الاقوامی برادری کو یہ پیغام دیا جائے کہ پاکستانی قوم اس مشکل صورت حال سے نمٹنے کے لیے خود بھی بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔

پاکستان میں سیلاب سے اب تک دوکروڑ سے زائد افراد متاثر جب کہ ساڑھے ستر ہ سو ہلاک ہوچکے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ زراعت، بنیادی انتظامی ڈھانچے اور مواصلات سمیت دیگر شعبے سیلاب سے بری طرح متاثرہوئے جب کہ ملکی معیشت کوپہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ تقریباً تینتالیس ارب ڈالر لگایا گیا ہے ۔

XS
SM
MD
LG