رسائی کے لنکس

شمالی وزیرستان: جیٹ طیاروں کی بمباری، 40 'دہشت گرد' ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ "آئی ایس پی آر" کے مطابق جیٹ طیاروں کی مدد سے یہ کارروائی اتوار کی دوپہر کو افغان سرحد سے ملحقہ وادی شوال میں کی گئی جس میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

پاکستان کی فوج نے ملک کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں ایک تازہ فضائی کارروائی میں 40 مشتبہ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ "آئی ایس پی آر" کے مطابق جیٹ طیاروں کی مدد سے یہ کارروائی اتوار کی دوپہر کو افغان سرحد سے ملحقہ وادی شوال میں کی گئی جس میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس کارروائی کے دوران کئی شدت پسند زخمی بھی ہوئے تاہم ہلاک یا زخمی ہونے والے شدت پسندوں کے بارے میں کوئی تفصیل بیان نہیں کی گئی ہے۔

پاکستان کے قبائلی علاقے میں میڈیا کے نمائندوں کی رسائی نہ ہونے کی وجہ سے یہاں پیش آنے والے واقعات کی آزاد ذرائع سے تصدیق ممکن نہیں ہے۔

پاکستانی فوج نے گزشتہ سال جون سے شمالی وزیرستان میں ضرب عضب کے نام سے آپریشن شروع کر رکھا ہے جس میں فوج کے بقول اب تک 2800 سے زائد مقامی اور غیر ملکی شدت پسندوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔

فوج کا کہنا ہےکہ آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں شمالی وزیرستان کے ایک بڑے حصے کو شدت پسندوں سے پاک کیا جا چکا ہے تاہم بتایا جاتا ہے کہ اب بھی چند ایک مقامات پر شدت پسندوں کی طرف سے مزاحمت جاری ہے۔

XS
SM
MD
LG