رسائی کے لنکس

جنوبی وزیرستان: آٹھ سرکاری ملازمین ایک سال بعد رہا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکام کے مطابق مغوی اہلکاروں کی رہائی گورنر خیبر پختونخواہ انجینیئر شوکت اللہ اور قبائلی جرگے کی کوششوں کے باعث عمل میں آئی۔

پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں گومل زام ڈیم کے آٹھ مغوی اہلکاروں کو شدت پسندوں نے ایک سال بعد رہا کر دیا ہے۔

ان افراد کو گزشتہ سال اگست میں جنوبی وزیرستان سے ٹانک جاتے ہوئے شدت پسندوں نے اغواء کر لیا اور بعد میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے منسلک ایک گروہ نے اہلکاروں کا ایک وڈیو پیغام بھی جاری کیا تھا۔

حکام کے مطابق مغوی اہلکاروں کی رہائی گورنر خیبر پختونخواہ انجینیئر شوکت اللہ اور قبائلی جرگے کی کوششوں کے باعث عمل میں آئی۔

پانی و بجلی کے ادارے ’واپڈا‘ ملازمین کی یونین کے جنرل سیکرٹری گوہر تاج نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں بتایا کہ حکومت کی طرف سے ان افراد کی رہائی کے لیے کوششیں جاری تھیں جن میں ہفتہ کے روز پیش رفت ہوئی۔

گومل زام ڈیم منصوبہ امریکی معاونت سے حال ہی میں مکمل ہوا اور رواں ہفتے اس کا باضابطہ افتتاح کیا گیا۔

اس ڈیم سے 17.4 میگاواٹ بجلی حاصل ہونے کے علاوہ قریبی علاقوں میں دو لاکھ ایکڑ بنجر رقبہ بھی سیراب ہو سکے گا۔
XS
SM
MD
LG