رسائی کے لنکس

مبینہ بھارتی ایجنٹ کے بارے میں ایران سے معاونت پر تبادلہ خیال


ایرانی سفیر مہدی ہنردوست کا کہنا تھا کہ "ہمیں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہوگا۔"

پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے اسلام آباد میں ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست سے ملاقات میں بلوچستان سے گرفتار کیے گئے بھارتی خفیہ ایجنسی کے مبینہ جاسوس کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

وزارت داخلہ سے جاری ایک بیان کے مطابق ایرانی سفیر نے جمعہ کو اسلام آباد میں چودھری نثار سے ملاقات کی جس میں پاک ایران تعلقات، ایرانی صدر کے حالیہ دورہ پاکستان اور مبینہ بھارتی جاسوس کے معاملے پر ایرانی حکومت سے معاونت کے بارے میں بات چیت کی گئی۔

گزشتہ ہفتے پاکستانی حکام نے بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کے مبینہ جاسوس کلبھوشن یادوو کو گرفتار کیا تھا اور اس کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ ایرانی علاقے چابہار سے پاکستان آیا تھا۔

گزشتہ ہفتے ایران کے صدر حسن روحانی کے دورے کے موقع پر پاکستانی فوج کے ترجمان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مہمان صدر سے ’را‘ کی پاکستان میں مبینہ سرگرمیوں پر بات کی تھی۔

تاہم ایرانی صدر نے ایک نیوز کانفرنس میں اس بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا تھا کہ اس بابت کوئی بات نہیں ہوئی۔

اسلام آباد کا کہنا ہے کہ وہ مبینہ بھارتی جاسوس کے معاملے پر تہران سے رابطے میں اور اسے یقین دلایا گیا ہے کہ ایرانی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔

جمعہ کو جاری وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق ایرانی سفیر مہدی ہنردوست نے وزیر داخلہ کو یقین دلایا کہ ایرانی حکومت دونوں ملکوں کے سلامتی اور ترقی کو یقنی بنانے سے متعلق تمام معاملات پر اپنا مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ "ہمیں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہو گا۔"

XS
SM
MD
LG