رسائی کے لنکس

پاکستان کادو میزائلوں کا کامیاب تجربہ


پاکستان کادو میزائلوں کا کامیاب تجربہ
پاکستان کادو میزائلوں کا کامیاب تجربہ

پاکستان نے ہفتے کو کم فاصلے تک مار کرنے والے بلسٹک میزائل غزنوی اور درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے شاہین میزائل کا کامیاب تجربہ کیا۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ”آئی ایس پی آر “ سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق دونوں میزائلوں کا یہ تجربہ فوج کے اسٹریٹیجک فورس کمانڈ کی سالانہ تربیتی مشقوں کے خاتمے پر کیا گیا۔

بیان کے مطابق غزنوی 290 اور شاہین میزائل 650 کلومیٹر کے فاصلے تک روایتی اور جوہری ہتھیار اپنے ہدف تک لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

فوج کے اسٹریٹیجک فورس کمانڈکی طرف سے کیے جانے والے میزائل تجربوں کے موقع پر وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ، چیئر مین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل طار ق مجید ، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نعمان بشیر ، فوج کے اسٹریٹیجک کمانڈاسٹریٹیجک پلان ڈویژن کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل خالد احمد قدوائی اور دیگر اعلیٰ فوجی عہدیدار بھی موجود تھے۔

وزیراعظم گیلانی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی طرح کی جارجیت سے ملک کو بچانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ اُنھوں نے یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ حکومت اسٹریٹیجک پروگرام کی تمام ضروریات کو پور ا کرنے کے لیے تعاون جاری رکھے گی۔

بیان کے مطابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ دنیاپاکستان کے بارے میں سکیورٹی خدشات کو چھوڑ کر آگے بڑھے ۔ اُن کے بقول حال ہی میں امریکہ میں جوہری سکیورٹی سے متعلق سربراہ کانفرنس میں پاکستان نے اپنے اس موقف کو پرزور انداز میں پیش کیا اوردنیا نے پاکستان کی طرف سے اپنی جوہری صلاحیت اور اثاثوں کی حفاظت کے لیے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم گیلانی نے زور دے کر کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کو مساوی مستندجوہری طاقت تسلیم کیا جائے اور یہ مطالبہ بھی کیا کہ نیوکلئیر سپلائر گروپ کے تحت سول جوہری شعبے میں تعاون کیا جائے جو کہ پاکستانی معیشت کے لیے ضروری ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ پاکستان جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے ”آئی اے ای اے “ کی طرف سے متعین کردہ حفاظتی انتظامات کے تناظر میں نیوکلیئر فیول سروس دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور بیان کے مطابق بین الاقوامی نیوکلیئر سربراہ کانفرنس میں بھی پاکستان نے یہ پیش کش کی تھی۔

XS
SM
MD
LG