رسائی کے لنکس

لیبیا سے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے اقدامات


طرابلس میں پاکستانی سفارت خانے کی طرف سے ہدایت جاری کی گئی کہ وطن واپس آنے کے خواہشمند اپنے ناموں کا اندراج کروائیں تاکہ خصوصی پروازوں کے ذریعے ان کی واپسی کو یقینی بنایا جائے۔

لیبیا میں سلامتی کی بگڑتی ہوئی صورت حال کے باعث وہاں پھنسے ہزاروں پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے خصوصی پروازوں کا انتظام کیا گیا ہے۔

دفتر خارجہ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سسلسلے میں منگل کو ایک خصوصی پرواز طرابلس سے پاکستانیوں کو لے کر لاہور کے لیے روانہ ہوئی۔

یہ اب تک کی چوتھی خصوصی پرواز تھی۔

بیان کے مطابق آئندہ دس روز تک روزانہ ایک خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستانیوں کو ملک واپس لایا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ لیبیا میں حالیہ بدامنی کے باعث شدید متاثرہ 6000 پاکستانیوں کے انخلا کے لیے وزارت خارجہ میں ایک خصوصی مرکز بھی قائم کیا گیا۔ وزارت خارجہ کے مطابق 3000 پاکستانی سفارت خانے کی طرف سے طرابلس میں قائم کیے گیے عارضی کیمپوں میں مقیم ہیں۔

طرابلس میں پاکستانی سفارت خانے کی طرف سے ہدایت جاری کی گئی کہ وطن واپس آنے کے خواہشمند اپنے ناموں کا اندراج کروائیں تاکہ خصوصی پروازوں کے ذریعے ان کی واپسی کو یقینی بنایا جائے۔

مزید برآں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے متعلق ادارے اورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کو ہدایت کی گئی ہے وہ لیبیا سے واپس آنے والے پاکستانیوں کو ان کے گھروں تک پہنچانے کے لیے اندرون ملک سفر کے لیے سہولت فراہم کرے۔ اس حوالے سے او پی ایف نے متعلقہ ہوائی اڈوں پر واپس آنے والے پاکستانیوں کی رہنمائی کے لیے سہولت مراکز بھی قائم کر دیے ہیں۔

پاکستانی عازمین حج کو سعودی عرب لے جانے کے لیے بھی قومی فضائی کمپنی پی آئے اے کے طیارے استعمال کیے جارہے ہیں جس کی وجہ سے لیبیا سے پاکستانیوں کی واپسی اتنی تیزی سے ممکن نہیں ہو پارہی ہے۔

لیبیا میں کئی ماہ سے سلامتی کی صورتحال بتدریج خراب ہوتی چلی آرہی ہے اور یہاں کی حکومت مختلف ملیشیا گروپوں سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے۔ یہ گروہ مختلف علاقوں میں قبضہ کیے ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG