رسائی کے لنکس

ایم کیو ایم کا منہاج القرآن کے ہمراہ لانگ مارچ میں شرکت کا اعلان


 فاروق ستار (فائل فوٹو)
فاروق ستار (فائل فوٹو)

اس بات کا فیصلہ اتوار کو ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے اپنے ایک اہم اجلاس میں کیا ۔

پاکستان میں حکمران اتحاد میں شامل متحدہ قومی موومنٹ نے تحریک منہاج القرآن کی جانب سے 14 جنوری کو اسلام آباد میں ہونے والے لانگ مارچ میں شرکت کا اعلان کر دیا ہے۔

اس بات کا فیصلہ اتوار کو ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے اپنے ایک اہم اجلاس میں کیا ۔

لانگ مارچ میں شرکت کے فیصلے سے مطلع کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ایم کیو ایم ملک سے جاگیردارانہ نظام کے خاتمے کی حامی ہے اسی لیے متوسط طبقے کے حقوق کی جدوجہد کر رہی ہے اور ڈاکٹر طاہر القادری بھی یہی بات کرتے ہیں لہذا ایم کیو ایم ان کے ساتھ لانگ مارچ میں شرکت کا اعلان کرتی ہے۔ ایم کیو ایم کے کارکن بڑھ چڑھ کر لانگ مارچ میں حصہ لیں گے۔

فاروق ستار نے واضح کیا کہ ایم کیو ایم انتخابات کا التوا نہیں چاہتی اور نہ ہی ملک میں جمہوریت کو ڈی ریل کرنا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حقیقی جمہوریت کیلئے صاف شفاف انتخاب پہلا قدم ہے۔ ملک میں انتخابی اصلاحات انتہائی ناگزیر ہیں اور شفاف انتخابات غیر جانبدار نگراں حکومت کی ذمہ داری ہے۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ حکمراں اتحاد کا حصہ ضرور ہیں لیکن ان کی جدوجہد سے ہر کوئی واقف ہے، لہذا ایم کیو ایم کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں بن سکتا۔

اعلان کے بعد تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے لانگ مارچ میں شرکت کے اعلان پر ایم کیو ایم کے رہنما الطاف حسین کا شکریہ ادا کیا۔

اس سے قبل سندھ کے شہر جام شورو میں تحریک منہاج القرآن کے پندرہ رکنی وفد نے قوم پرست جماعتوں کے اتحاد سندھ بچاؤ کمیٹی کے سربراہ جلال محمود شاہ سے اتوار کو ملاقات کی جس میں جلال محمود شاہ کو اسلام آباد میں چودہ جنوری کو ہونے والے لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دی گئی۔

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں جلال محمود شاہ نے دعوت قبول کرتے ہوئے مارچ میں شرکت کا اعلان کیا۔
XS
SM
MD
LG