رسائی کے لنکس

شناختی کارڈ جاری کرنے میں تاخیر، ایم کیو ایم کا احتجاج


لندن میں مقیم اپنے قائد کو قومی شناختی کارڈ جاری کرنے میں تاخیر کے خلاف منگل کو احتجاجاً قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کیا۔

پاکستان کی ایک سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ نے لندن میں مقیم اپنے قائد کو قومی شناختی کارڈ جاری کرنے میں تاخیر کے خلاف منگل کو احتجاجاً قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کیا۔

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین دو دہائیوں سے لندن میں مقیم ہیں اور اس جلاوطنی کی وجہ اُن جماعت کے بقول ان کی سلامتی کو لاحق خطرات ہیں۔

متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل نے منگل کو پارلیمان کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں حکومت پر ’’تعصبانہ‘‘ رویہ اپنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے قائد کو شناختی کارڈ جاری کرنے میں غیر ضروری تاخیر کی جا رہی ہے۔

’’چار (اپریل) تاریخ کو قائد تحریک الطاف حسین نے وہاں تمام دستاویزات جمع کروا کر ٹوکن لیا۔ 17 تاریخ کو دفتر خارجہ کی ترجمان نے اعتراف کیا کہ ہمیں الطاف حسین کی ڈیٹا مل گیا ہے اور محکمہ داخلہ کو مطلع کر دیا گیا ہے، کل آپ نے دیکھا کہ وزارت داخلہ کا محکمہ کہتا ہے کہ ہمیں معلوم نہیں، الطاف حسین کو تمام ضروری دستاویزات جمع کروانا ہوں گی۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ کوائف کے اندراج کا قومی ادارہ دستاویزات جمع کرنے کے بعد ٹوکن جاری کرتا ہے اور ٹوکن جاری ہونے کے بعد اب یہ کہنا کہ دستاویزات موصول نہیں ہوئیں یہ سمجھ سے بالا ہے۔

حکومت کی طرف سے اس بارے میں تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تاہم عہدیداروں کا کہنا ہے کہ قومی شناختی کارڈ کا حصول ہر شہری کا حق ہے اور تمام ضروری دستاویزات مکمل ہونے کے بعد ہی الطاف حسین کو شناختی کارڈ جاری کر دیا جائے گا۔
XS
SM
MD
LG