رسائی کے لنکس

نویں محرم کے ماتمی جلوس، سکیورٹی انتہائی سخت


وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موٹرسائیکل پر ڈبل سواری پر بھی پابندی تھی جب کہ بعض علاقوں میں جزوی طور پر موبائل فون سروس بھی معطل رہی۔

پاکستان میں ماہ محرم کی نویں تاریخ کو پیر کے روز ماتمی جلوسوں کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔

وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موٹرسائیکل پر ڈبل سواری پر بھی پابندی تھی جب کہ بعض علاقوں میں جزوی طور پر موبائل فون سروس بھی معطل رہی۔

اسلام آباد اور بعض دیگر شہروں میں نویں محرم کو ماتمی جلوس نکالے گئے جن کی کڑی نگرانی کی جاتی رہی۔

وفاقی دارالحکومت میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہزاروں اہلکار بھی تعینات کیے گیے تھے جن میں رینجرز فورس کے دستے بھی شامل تھے۔

جلوس میں شامل ہونے کے لیے مخصوص راستوں ہی کے ذریعے مکمل تلاشی کے بعد ہی لوگ کو شمولیت کی اجازت دی گئی۔

اسلام آباد میں موٹرسائیکل اور گاڑیوں کو اس مقام سے دور ہی روک دیا گیا ہے جہاں سے ماتمی جلوسوں نے گزرنا ہے۔

ملک کے بعض حصوں میں فوجی دستے بھی تعینات کیے گئے ہیں جب کہ بعض علاقوں میں ضرورت پڑنے پر فوج کو طلب کیا جا سکے گا۔

جن علاقوں میں پیر کو جلوس نکالے گئے اُن میں سے بعض کی فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہی۔

دہشت گردی کے خطرات کے باعث اس سال ملک میں نویں اور دسویں محرم کو شیعہ برادری کے ماتمی جلوسوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے غیر معمولی حفاظتی اقدامات کی منظوری دی گئی ہے۔

خاص طور پر ملک کے بڑے شہروں اور فرقہ ورانہ تشدد کے حوالے سے حساس علاقوں میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی انتظامات کیے گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG