رسائی کے لنکس

پاکستان بحریہ کے لیے دو امریکی طیارے


پاکستان بحریہ کے لیے دو امریکی طیارے
پاکستان بحریہ کے لیے دو امریکی طیارے

امریکہ نے پاکستان بحریہ کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اُسے دو ”P-3C “ اورین طیارے دیے ہیں ۔ یہ طیارے جیکسن ویلی ، فلوریڈا میں جمعہ کو ایک تقریب میں پاکستان کے حوالے کیے گئے جس میں امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر حسین حقانی اور پاک بحریہ کے نائب سربراہ ایڈمرل شاہد اقبال سمیت اعلیٰ امریکی عہدیدارشامل تھے۔

امریکہ 2012ء تک پاکستان بحریہ کو آٹھ پی تھری سی طیارے فراہم کرے گا جن میں اضافی پرزے ( اسپیر پارٹس) کے لیے استعمال ہونے والا طیار ہ بھی شامل ہوگا ۔ جمعہ کو پاکستان بحریہ کے حوالے کیے گئے دو طیارے بھی اس کا حصہ ہیں۔

گذشتہ تین سالوں کے دوران امریکہ نے پاکستان کو چار ارب ڈالر سے زائد مالیت کی سویلین اور فوجی امداد کی فراہم کی ہے جس میں طبی امداد، اسکولوں کی مرمت وبحالی، پلوں اور کنوؤں کی تعمیر نو، خوراک کی تقسیم ، زراعت اور تعلیم کے منصوبے شامل ہیں ۔

جب مخصوص دفاعی اعانت میں 14 ایف سولہ طیارے، 10 ایم آئی سترہ ہیلی کاپٹر ، پاکستان فرنٹئیرکور کے لیے 450 گاڑیاں ، رات کو دیکھنے والی سینکڑوں عینکیں ، دن اور رات کے اوقات میں استعمال ہونے والی دوربینیں ، ریڈیو اور پاکستان کی مسلح افواج کے لیے ہزاروں کی تعداد میں حفاظی جیکٹس اور ابتدائی طبی امداد کی اشیاء شامل ہیں۔

امریکہ نے 370 سے زیادہ پاکستانی فوجی افسران کو انسداد دہشت گردی ، انٹیلی جنس ، نقل وحمل، میڈیکل ، دوران پرواز حفاظت اور فوجی قوانین ایسے موضوعات کے بارے میں قائدانہ صلاحیتوں کو اُبھارنے کے پروگراموں کے لیے تربیت بھی فراہم کی ہے۔

XS
SM
MD
LG