رسائی کے لنکس

امریکی سفیر کی نواز شریف سے ملاقات


نواز شریف (فائل فوٹو)
نواز شریف (فائل فوٹو)

امریکی سفیر کیمرون منٹر نے ہفتے کے روز حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے لاہور میں ملاقات کی جس میں ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کی پناہ گاہ پر امریکی فورسز کے آپریشن کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔

اس ملاقات کے بعد ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ اُنھوں نے امریکی سفیر پر کھل کر اپنی جماعت کا موقف واضح کیا ہے کہ امریکہ اور پاکستان کے مابین دوطرفہ تعلقات اور تعاون برابر ی کی بنیاد پر ہونا چاہیئے۔

ایک سوال کے جواب میں نواز شریف نے کہا کہ امریکی سفیر سے یہ ملاقات ایک ہفتہ پہلے طے تھی اور اُنھوں نے امریکی سفیر کیمرون منٹر کو یہ بھی بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان کو ناصر ف بھاری جانی نقصان اُٹھانا پڑا ہے بلکہ اس سے ملک کی معیشت بھی بری طر ح متاثر ہو ئی ہے ۔ نواز شریف نے کہا کہ اُنھوں نے ملاقات میں یہ بھی واضح کیا کہ عالمی برادری بالخصوص امریکہ کو پاکستان کی ان کوششوں اور قربانیاں کو تسلیم کر نا چاہیئے۔

مسلم لیگ ن کے قائد نے پارلیمان کی متفقہ قرارد اد کی روشنی میں ایبٹ واقعہ کی تحقیقات کے لیے آزاد کمیشن کی جلد از جلد تشکیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم گیلانی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار سے مشاورت کر کے اس کمیشن کے قیام کا اعلان جلدی کریں۔

اُنھوں نے کہا کہ اس میں کوئی تاخیری حربے استعمال کیے گئے تو اُن کی جماعت اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

XS
SM
MD
LG