رسائی کے لنکس

شمالی وزیرستان: جھڑپ میں ’پانچ دہشت گرد ہلاک‘


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بیان کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پانچ عسکریت پسند مارے گئے جب کہ اس کارروائی میں ایک اہلکار بھی ہلاک ہو گیا۔

پاکستانی فوج نے افغان سرحد سے ملحقہ قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں ایک تازہ کارروائی میں پانچ مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یعنی ’آئی ایس پی آر‘ کی طرف سے جمعہ کو جاری ایک بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز کی یہ کارروائی دتہ خیل کے علاقے میں کی گئی۔

بیان کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پانچ عسکریت پسند مارے گئے جب کہ اس کارروائی میں ایک اہلکار بھی ہلاک ہو گیا۔

پاکستان نے گزشتہ سال جون میں شمالی وزیر ستان اور اس سے ملحقہ علاقوں میں عسکریت پسندوں کے خلاف ایک بڑا فوجی آپریشن ضرب عضب شروع کیا تھا۔

آپریشن سے قبل حکومت نے عسکریت پسندوں کے ساتھ مذاکرات بھی کیے لیکن یہ بے نتیجہ رہے۔

پاکستانی فوج کی طرف سے جون میں آپریشن ضرب عضب شروع ہونے کے بعد سے ہونے والی کارروائیوں میں اب تک لگ بھگ 2000 سے زائد شدت پسند مارے جا چکے ہیں۔

پاکستانی فوج یہ کہہ چکی ہے کہ آپریشن ضرب عضب میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں اور ان کے اسلحہ کے ذخیرے کو بھی تباہ کیا جا چکا ہے۔

گزشتہ سال دسمبر میں پشاور میں فوج کے زیر انتظام اسکول پر طالبان کی طرف سے کیے گئے ایک مہلک حملے کے بعد عسکریت پسندوں کے خلاف پاکستانی فوج کی کارروائی میں زیادہ شدت آ گئی ہے اور حکومت نے پورے ملک میں شدت پسندوں سے نمٹنے کے لیے ایک قومی لائحہ عمل بھی تشکیل دیا جس کے تحت ملک بھر میں سینکڑوں مشتبہ شدت پسندوں کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG