رسائی کے لنکس

شمالی وزیرستان: ڈرون حملے میں ایک ہلاک


اطلاعات کے مطابق میزائل حملے میں قاضی کوٹ نامی دیہات میں ایک پہاڑی پر واقع مکان کو نشانہ بنایا گیا۔ ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں جمعہ کو ایک مشتبہ امریکی ڈرون حملے میں کم ازکم ایک مبینہ شدت پسند ہلاک ہو گیا۔

اطلاعات کے مطابق میزائل حملے میں قاضی کوٹ نامی دیہات میں ایک پہاڑی پر واقع مکان کو نشانہ بنایا گیا۔

ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔

افغان سرحد سے ملحقہ ان قبائلی علاقوں میں ذرائع ابلاغ کی رسائی نہ ہونے کی وجہ سے یہاں پیش آنے والے واقعات کی آزاد ذرائع سے تصدیق تقریباً ناممکن ہے۔

پاکستان اپنی سرزمین پر ڈرون حملوں کو اپنی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتا ہے جب کہ امریکہ اسے انسداد دہشت گردی کی جنگ میں ایک اہم ہتھیار گردانتا ہے۔

رواں ماہ کے اوائل میں شمالی وزیرستان کے علاقے ڈانڈے درپہ خیل میں ہونے والے ایک ڈرون حملے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا سربراہ حکیم اللہ محسود اپنے تین ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گیا تھا۔

اسی ماہ پاکستان کے بندوبستی علاقے ضلع ہنگو میں ایک مدرسے پر ڈرون سے میزائل داغے گئے۔

اس حملے کے بعد صوبہ خیبر پختونخواہ میں برسر اقتدار جماعت تحریک انصاف کے کارکنان صوبے کے مختلف علاقوں میں افغانستان جانے والی شاہراہوں پر گزشتہ چھ روز سے دھرنا دیتے آ رہے ہیں جس سے افغانستان سامان لے جانے والی گاڑیوں کی نقل و حمل میں رکاوٹ پیش آ رہی ہے۔
XS
SM
MD
LG