رسائی کے لنکس

شمالی وزیرستان: فضائی کارروائی میں 30 'دہشت گرد' ہلاک


قبائلی علاقے میں دتہ خیل، مرشی خیل اور کمشام کے علاقوں میں فضائی کارروائی میں دہشت گردوں کے چھ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

پاکستانی فوج کے مطابق شمالی وزیرستان میں فضائی کارروائی میں 30 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے بیان کے مطابق منگل کی صبح قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں دتہ خیل، مرشی خیل اور کمشام کے علاقوں میں فضائی کارروائی میں دہشت گردوں کے چھ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

شمالی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن میں اب تک ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 600 سے زائد ہو گئی ہے، جن میں غیر ملکی شدت پسند بھی شامل ہیں۔

تاہم ان ہلاکتوں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی کیوں کہ جس علاقے میں آپریشن ہو رہا ہے وہاں تک میڈیا کی رسائی نہیں۔

پاکستانی حکام کے مطابق شمالی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن ’ضرب عضب‘ کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے اور دہشت گردوں کے کمانڈ اینڈ کنٹرول کے نظام کو ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔

فوج کے مطابق شمالی وزیرستان کے مرکزی علاقے میران شاہ کے علاوہ میر علی، دیگان، بویا اور دتہ خیل سے دہشت گردوں کا صفایا کر دیا گیا ہے۔

تاہم میران شاہ اور میرعلی کے درمیان بعض علاقوں میں فوج کو مزاحمت کا سامنا ہے۔

پاکستانی فوج کے مطابق اب تک کی کارروائی میں دیسی ساخت کے بم بنانے کی متعدد فیکٹریوں کے علاوہ خودکش بمباروں کو تربیت فراہم کرنے والے مراکز کو بھی تباہ کیا جا چکا ہے۔

فوجی کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔

فوج اور سویلین حکومت کے عہدیداروں کے مطابق آپریشن بلا تفریق تمام دہشت گردوں کے خلاف کیا جا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG