رسائی کے لنکس

شمال مغربی پاکستان میں بم دھماکوں میں دو ہلاک، متعدد زخمی


شمال مغربی پاکستان میں بم دھماکوں میں دو ہلاک، متعدد زخمی
شمال مغربی پاکستان میں بم دھماکوں میں دو ہلاک، متعدد زخمی

پاکستان کے قبائلی علاقوں اور صوبہ خیبر پختون خواہ کے دارالحکومت پشاور میں اتوار کو ہونے والے بم دھماکوں میں دو سکیورٹی اہلکار ہلاک اور متعدد شہری زخمی ہو گئے۔

حکام نے بتایا کہ پہلا دھماکا جنوبی وزیرستان کی تحصیل لدہ کے علاقے آسمان مانذہ میں اُس وقت ہوا جب سکیورٹی فورسز کا ایک قافلہ معمول کی گشت پر تھا۔ ریموٹ کنٹرول بم کے اس حملے میں دو سکیورٹی اہلکار موقع پر ہلاک جب کہ دو زخمی ہو گئے۔

جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کے چند گھنٹے بعد پشاور کے نواحی علاقے ترنا فارم میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے ریموٹ کنٹرول بم سے صوبائی وزیر زراعت ارباب ایوب جان کے گھر سے نکلنے والی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا۔

صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا کہ اس حملے کا اصل ہدف ارباب جان ہی تھے ۔”ارباب جان اور اُن کے رشتہ داروں کی گاڑیاں ملتی جلتی ہیں اور انھوں (حملہ آوروں) نے یہ سمجھا کہ ارباب صاحب کی گاڑی ہے تو انھوں نے ریموٹ کنٹرول سے دھماکا کر دیا اور ان کے دو رشتہ دار زخمی ہوئے ہیں لیکن ٹارگٹ ارباب ایوب جان تھا ۔“

اتوار کو ہونے والا تیسرا بم حملہ مہمند ایجنسی سکیورٹی فورسز پر ہی تھا جس میں کم از کم تین اہلکار زخمی ہو گئے۔ جوابی کارروائی میں سکیورٹی فورسز نے سات عسکریت پسندوں کو ہلاک اور پانچ کو زخمی کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔ تاہم علاقے میں ذرائع ابلاغ کو رسائی حاصل نہ ہونے کے باعث حکام کے ان دعوں کی غیر جانب دار ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

XS
SM
MD
LG