رسائی کے لنکس

اورکزئی جھڑپوں میں 30 جنگجو اور ایک فوجی ہلاک


عسکریت پسند پاکستانی فوج کی حراست میں (فائل فوٹو)
عسکریت پسند پاکستانی فوج کی حراست میں (فائل فوٹو)

پاکستانی حکا م نے کہا ہے کہ شما ل مغربی قبائلی علاقے اورکزئی ایجنسی میں بدھ کے روز طالبان عسکریت پسندوں نے گھات لگا کر سرکاری فوج پر اُس وقت اچانک حملہ کردیا جب وہ ڈبوری گاؤں کے قریب پیش قدمی کر رہی تھی۔

حکام کے بقول اس حملے کو پسپا کرتے ہوئے 30 طالبان شدت پسندوں کو ہلاک کردیا گیا اور لڑائی میں فرنٹئیر کور کا ایک فوجی ہلاک جب کہ کم از کم پانچ زخمی ہوگئے۔

اورکزئی کا جنوبی علاقہ ڈبوری عسکریت پسندوں کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے اور ماضی میں بھی یہاں خونریز جھڑپیں ہو چکی ہیں۔

پاکستان نے مارچ کو اواخر میں اورکزئی میں موجود شدت پسندوں کے خلاف ایک بھرپور فوجی کارروائی کا آغاز کیا تھا جس کے بعد جون میں اعلان کیا گیا کہ علاقے میں موجود بیشتر جنگجوؤں اور ان کے ٹھکانوں کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ لیکن اب بھی یہاں سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔

دریں اثناء حکام نے بتایا ہے کہ بدھ کی صبح مہمند ایجنسی میں مشتبہ طالبان عسکریت پسندوں نےایک چیک پوسٹ پر راکٹ سے حملہ کر کے ایک فوجی کو ہلاک کردیا۔

XS
SM
MD
LG