رسائی کے لنکس

اورکزئی ایجنسی فضائی کارروائی: درجن سے زیادہ جنگجو ہلاک، متعدد زخمی


مقامی حکام نے بتایا ہےکہ اتوار کے روز سکیورٹی فورسز نے قبائلی علاقے، اورکزئی ایجنسی کے سرحدی علاقے فیروزخیل میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر فضائیہ کی مدد سے بمباری کی۔

حکام نے دعویٰ کیا ہےکہ فضائی کارروائی میں متعدد اہم کمانڈروں سمیت 14عسکریت پسند ہلاک اورسات زخمی ہوئے ہیں، جب کہ عسکریت پسندوں کے اہم کمانڈر کے قریبی رشتہ دار کے گھر اور خواتین کے اسکول میں قائم عسکریت پسندوں کے تین اہم ٹھکانے تباہ کر دیے گئے ہیں۔

فضائی کارروائی میں عسکریت پسندوں کے مالی اور جانی نقصان کے بارے میں سرکاری ذرائع کے دعوؤں کی تصدیق آزاد ذرائع سے نہیں ہو سکی۔

فضائی کارروائی میں فیروزخیل کے علاوہ اورکزئی ایجنسی کی کلایا کے پہاڑی علاقے غوانڈائی میلہ اور کنڈے تال، اور ضلع ہنگو کے سرحدی پہاڑی علاقوں میں بھی عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ جنوبی وزیرستان میں فوجی کارروائی شروع ہونے کے بعد بڑی تعداد میں عسکریت پسند اورکزئی ایجنسی منتقل ہوئے ہیں، اورحکام کے بقول، یہ عسکریت پسند پشاور اور ہنگو، اوراِرد گِرد کے علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہیں۔

تقریباً 10دِن قبل، ہنگو ضلعے کے قصبے تَل میں کرم ایجنسی جانے والے اہلِ تشیع سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے ایک قافلے پر خودکُش حملے میں ایک درجن سے زیادہ افراد ہلاک اور 30کے لگ بھگ زخمی ہوئے تھے۔

اورکزئی ایجنسی میں مقیم طالبان عسکریت پسندوں نے اِس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

XS
SM
MD
LG