رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرکٹ کا فروغ اولین ترجیح


پاکستان میں کرکٹ کا فروغ اولین ترجیح
پاکستان میں کرکٹ کا فروغ اولین ترجیح

پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے سربراہ ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ ملک میں مقامی اور بین الاقوامی کرکٹ کا فروغ ان کی اولین ترجیح ہوگی۔

اُنھوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو اپنا عہدہ سنبھالنے سے قبل لاہور میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ اُنھوں نے کہا کہ وہ پاکستانی کرکٹ کو اس کا ’’کھویا ہوا مقام‘‘ واپس دلانے کے لیے تمام متعلقہ لوگوں سے مشاورت کریں گے۔

ذکا اشرف (فائل فوٹو)
ذکا اشرف (فائل فوٹو)

’’سابق کپتان عمران خان سمیت تمام سابقہ اور موجودہ کھلاڑیوں اور ماہرین سے مشاورت سے اتفاق رائے پیدا کیا جائے گا اور تمام فیصلے کرکٹ کی بہتری کے لیے کیے جائیں گے۔‘‘

ذکا اشرف کو رواں ماہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سرپرست اعلیٰ صدر آصف زرداری نے اعجاز بٹ کے عہدے کی معیاد پوری ہونے کے بعد بورڈ کا نیا سربراہ مقرر کیا تھا۔

’’میرا فوکس بال کی جو لائن اور لینتھ ہوتی ہے نا وہ میں نے رکھنی ہے ٹارگٹ کے اوپر اور وہ یہ کہ پاکستان کو ہم نے کرکٹ کا کھویا ہوا مقام واپس دلانا ہے۔‘‘

کرکٹ بورڈ کے نئے سربراہ کا کہنا تھا کہ وہ ملک میں کرکٹ اکیڈمیز کو فعال کریں گے تاکہ باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جاسکے اورٹیم میں صرف اسی کھلاڑی کو جگہ دی جائے گی جس میں ٹیلنٹ ہوگا۔

حالیہ برسوں میں ملک میں سلامتی کی خراب صورتحال کے باعث غیر ملکی ٹیمیں پاکستان آکر کرکٹ کھیلنے سے انکاری ہیں اور اس وجہ سے پاکستان کو مختلف ٹورنامنٹ کی میزبانی متبادل جگہوں پر کرنا پڑی اور رواں سال کرکٹ کے عالمی کپ کی مشترکہ میزبانی سے بھی اسے ہاتھ دھونا پڑے۔

علاوہ ازیں ٹیم کے کھلاڑیوں اور انتظامیہ کے درمیان میبنہ اختلافات اور اسپاٹ فکسنگ کیس کی وجہ سے بھی پاکستانی کرکٹ ایک بحرانی کیفیت سے دوچار رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG